دس سال سے مصر کیساتھ تعطل کا شکار تعلقات ازسرنو بحال ہو گئے

414

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مصر کے ساتھ گزشتہ 10 سال سے تعطل کا شکار تعلقات ازسر نو بحال ہو گئے ہیں، پاکستان اور مصر نے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے، باہمی روابط کو فروغ دینے اور مشترکہ لائحہ عمل پر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

مصر کے دورے پر وزیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ کا دورہ مصر 9 سال کے بعد ہو رہا ہے، مصرکی قیادت نے پاکستان کیلئے گرانقدر جذبات کا اظہار کیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کو بھی سراہا ہے۔

شاہ محمو د قریشی  نے مزید کہا کہ اس ملاقات میں ہم نے مشاورت کے ساتھ آئندہ کیلئے ایک جامع روڈ میپ ترتیب دیا ہے، اس دورہ کے بعد مارچ میں اسلام آباد میں پاکستان اور مصر کے مابین اعلی سطحی سیاسی کمیشن مشاورتی اجلاس ہو گا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اپریل کے دوسرے ہفتے میں ہمارے جوائنٹ چیف آف اسٹاف مصر جائیں گے اور ہمارے دفاعی تعلقات کو آگے بڑھائیں گے، مصر کے وزیر خارجہ ماہ رمضان کے بعد پاکستان تشریف لائیں گے اور میرے ہمراہ مشترکہ وزارتی اجلاس کی صدارت کریں گے۔