صنعتکاروں کے اربوں روپے جلد ادا کردیئے جائیں گے،حفیظ شیخ

382

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) لیدر سیکٹر سے وابستہ صنعتکاروں کےDLTLکی مَد میں 1.7 ارب روپے 10 دن میں ادا کردیے جائیں گے، جبکہ ڈیوٹی ڈرا بیک میں 2.5 ارب روپے تین مراحل میں ادا کیے جائیں گے۔ یہ بات وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اسلام آباد میں پاکستان لیدر گارمنٹس مینوفیکچرراینڈ ایکسپورٹر ایسوسی ایشن(پلگمیا)کے چیئرمین دانش خان کی سربراہی میں لیدر انڈسٹری سے وابستہ صنعتکاروں پر مشتمل وفدسے ملاقات کے موقع پر کہی۔ وفد میں سرپرست اعلیٰ پلگمیا فواد اعجاز خان، عرفان اقبال جبکہ چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات وقار مسعود، مشیر تجارت رزاق داؤد، سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی ناہید درانی اور سیکرٹری تجارت صالح فاروقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چمڑے کی صنعت سے وابستہ ایکسپورٹر ز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ صنعتکار ملکی برآمدات کو بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی استحکام کے لیے حکومت صنعتی سرگرمیوں کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔پلگمیاکے وفد نے وفاقی وزیر خزانہ سے درپیش مسائل سے متعلق فوری احکامات جاری کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پلگمیا دانش خان نے کہا کہ کورونا وباء کے باعث پاکستان سمیت پوری دنیا کی معاشی حالت پر منفی اثر ات مرتب ہوئے ہیں۔