لاہور دنیا کے52 بہترین سیاحتی مقامات میں شامل، امریکی اخبار

722

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے سال 2021 میں سیاحوں کے لیے 52 بہترین مقامات کی فہرست میں پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کو بھی شامل کیا ہے جبکہ دنیا بھر میں پاکستان کے سیاحتی تشخص کا اعتراف کیا جانے لگا ہے اور امریکی جریدے نیو یارک ٹائمز نے اسے تاریخی اہمیت دی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق نیویارک ٹائمز نے اپنی یہ فہرست 2 ہزار سے زائد تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد مکمل کی جو انہیں دنیا بھر میں موجود اپنے قارئین کی جانب سے موصول ہوئی تھیں۔

قارئین کے حوالے سے ان سے پوچھا گیا تھا کہ ‘تاریک سال’ (2020) میں کن مقامات نے انہیں خوش اور متاثر کیا اور ان کے سکون کا باعث بنے جبکہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ پاکستانی مقامات کو سیاحت کے لیے عالمی سطح پر منتخب کیا گیا ہو۔

واضح رہے لاہورکو اپنے لذیذ کھانوں اور خوبصورت لینڈ سکیپس کی بناء پر دنیا کے ان باون شہروں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جبکہ جریدے کے مطابق یہ 52 شہر 2021 میں سیاحت کے حوالے سے پسندیدہ ترین جگہیں تصور کی جارہی ہیں۔

امریکی جریدے نے لاہوریوں کی زندہ دلی، مہربان فطرت، مہمان نوازی، لذیذ کھانے، سردیوں میں دھند کے پار سے چھلکتی روشنیوں کے نظارے، بادشاہی مسجد اور دیگر مغلیہ عمارتوں کو شہر کے حسن کا شاہکار قرار دیا۔

لاہور کے بارے میں رائے دینے والوں کے تاثرات کو امریکی جریدے نے بیان کیا کہ سردیوں میں لاہور آپ کیلئے بانہیں کھولتا ہے، آپ کو کھلاتا ہے اور پھر گلے سے لگا لیتا ہے۔

واضح رہےکہ  یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ پاکستانی مقامات کو سیاحت کے لیے عالمی سطح پر منتخب کیا گیا ہو، گزشتہ برس معروف کاروباری میگزین فوربز میں شائع ایک آرٹیکل میں 2020 میں سفر کے لیے 10 بہترین ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نام بھی شامل کیا تھا۔

اس کے علاوہ دسمبر 2019 میں سفری میگزین ونڈرلسٹ نے بھی پاکستان کے 9 مقامات کو2020 میں ایڈوینچر کے لیے بہترین قرار دیا تھا۔

نیویارک ٹائمز کی جانب سے جاری فہرست کے دیگر مقامات میں مصر کا سیوا اویئسز، کولمبیا کا للانوس، بھارت کا کالیا دھرو،جزائر شمالی ماریانا کا جزیرہ سائپین، ایران کا شہر اصفہان اور دیگر شامل ہیں۔