ای او بی آئی پنشن کا قومی ادارہ (قسط 11)

295

ای او بی آئی ویب سائٹ: شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت ادارہ میں رجسٹرشدہ آجران، بیمہ دار افراد، پنشن یافتگان اور عوام الناس کو ای او بی آئی پنشن سے متعلق معلومات اور آگہی فراہم کرنے کے لیے ای او بی آئی کی ویب سائٹ www.eobi.gov.pk ہمہ وقت دستیاب ہے ۔جس میں ای او بی آئی قانون مجریہ 1976،قواعد و ضوابط، آجران و ملازمین کی رجسٹریشن کا طریقہ کار،ای او بی آئی میں رجسٹریشن کے فوائد، سہولتی نظام (Facilitation System)،کنٹری بیوشن کی آن لائن ادائیگی ، آن لائن عوامی شکایات ، پنشن اور پنشن کے حصول کا طریقہ کار،بینک الفلاح ، ورکرز ویلفیئر فنڈ،وفاقی محتسب اور محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے متعلقہ سرکاری اور عالمی اداروں کے لنک ملاحظہ کے لیے موجود ہیں۔ جبکہ ای او بی آئی کی ویب سائٹ کا نیا انگریزی اور اردو ایڈیشن تیزی سے تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
آجران کے لیے سہولتی نظام (Facilitation System):
ای او بی آئی ابتداء سے رجسٹر شدہ آجران اور مالکان کے لیے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی میں کوشاں رہا ہے۔چنانچہ سال 2009 میں شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت ادارہ میں رجسٹر شدہ آجران کو ہر ممکن سہولیات بہم پہنچانے کے لیے (Facilitation System) یا سہولتی نظام کا قیام عمل آیا ۔ جس کی بدولت ای او بی آئی میںرجسٹرشدہ آجران نا صرف اپنی بلکہ اپنے ملازمین کی خودکار رجسٹریشن اور وائوچر تیار کرکے ماہانہ کنٹری بیوشن کی خودکارادائیگی بھی کرسکتے ہیں۔اسی طرح اس نظام کی بدولت اپنے ملازمین کی اپنے ادارہ میں شمولیت او راخراج کا بھی خود اندراج کرسکتے ہیں۔رجسٹر شدہ آجران کو اس نئے نظام سے متعارف کرانے اوران میں آگہی بیدار کرنے کے لیے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ایوانہائے صنعت و تجارت اور آجران کی تنظیموں کے اشتراک سے آجران، مالکان ،انتظامیہ اور لیبر اور انتظامی افسران کے لیے تربیتی سیمینار منعقد کئے گئے۔ الحمد للہ ملک کے آجر طبقہ میں ای او بی آئی کے سہولتی نظام کو بڑے پیمانے پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔اس سہولت کی بدولت ملک کے صنعتی ،تجارتی ،کاروباری اور دیگر اداروں کے انتظامیہ کے افسران کو ای او بی آئی کا ماہانہ کنٹری بیوشن جمع کرنے کے لیے بینکوں کے باہر قطاریں لگانے اور اپنے ملازمین کی رجسٹریشن اور دیگر امور کے لیے ای او بی آئی کے دفاتر کے چکر لگانے سے نجات مل گئی ہے۔اب ملک کے ہزاروں بڑے آجران اور ادارے کے اس سہولتی نظام سے پوری طرح مستفید ہورہے ہیں۔لیکن کم از کم اجرت میں عدم یکسانیت کے باعث بعض آجران اس سہولتی نظام سے کما حقہ فائدہ نہیں اٹھارہے۔
شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ملازمین اور محنت کشوں کی رجسٹریشن نادرا کے جاری کردہ قومی شناختی کارڈ نمبر کے ذریعہ کی جاتی ہے ۔جس کی بدولت ای او بی آئی میں کسی بھی آجر اور ملازم کے لیے رجسٹریشن نمبر خودکار طریقہ سے جاری ہوجاتا ہے ا ور کمپیوٹرائزڈ طریقہ کار کی بدولت بیمہ دار شخص کی تٖفصیلات کے ذاتی کوائف جن میں ان کا ای او بی آئی رجسٹریشن نمبر، نام ،ولدیت رہائشی پتہ ،نیا اور پرانا قومی شناختی کارڈ نمبر پنشن منصوبہ میں شمولیت کی تاریخ، ، جنس، تاریخ پیدائش، قریبی عزیز کا نام اور کیفیت آجرکا نام،آجران اورملازمتیں تبدیل کرنے کی تاریخیں اور ادا شدہ کنٹری بیوشن کی رقومات درج ہوتی ہیں، خواہ اس ملازم نے ملک کے کسی بھی کونے میں ملازمت کی ہو اور خواہ کتنی ہی ملازمتیں تبدیل کی ہوں، اوربیمہ دار ملازم کے پنشن کی عمر کو پہنچنے کی تاریخ سمیت جملہ ریکارڈ مرکزی ڈیٹا سنٹر میں محفوظ ہوجاتاہے۔جسے کوئی بھی آجر او رجسٹر شدہ ملازم ای او بی آئی کی ویب سائٹ ملاحظہ کرکے انفرادی معلومات کے لنک میں اپنے قومی شناختی کارڈ نمبر ،پرانے قومی شناختی کارڈ نمبر یا ای او بی آئی نمبرکے اندراج کے ذریعہ اپنے جملہ کوائف اور ملازمتوں کی تاریخ اور کنٹری بیوشن کی تفصیلات سے بخوبی آگاہ ہوسکتے ہیں ۔
آجران سے کنٹری بیوشن کی وصولی اورپنشن کی تقسیم کا جدید ترین نظام:
رجسٹرشدہ آجروں اور ان کے ملازمین سے ماہانہ کنٹری بیوشن کی وصولی اور اہل بیمہ دار افراد اور پسماندگان کو ماہانہ پنشن کی ادائیگی کے لیے ملک کے طول وعرض میں بینک الفلاح کی500سے زائد مجاز شاخیں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ علاوہ ازیںای او بی آئی نے رجسٹر شدہ آجران کی سہولت کے لیے آن لائن کنٹری بیوشن کی وصولی کا نظام بھی تشکیل دیا ہوا ہے۔