اقوام متحدہ: 2021 کا پیغام پہلی بار اردو ترجمہ کے ساتھ نشر

477

نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کا نئے سال کا پیغام پہلی بار اردو ترجمہ کے ساتھ نشرکیا گیا ہے جبکہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ ایک نیا سال آرہا ہے جس میں ہمیں امید کی کرن نظر آ رہی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ میں عمومی طور پر پیغامات 6 زبانوں میں نشر کیے جاتے ہیں  جبکہ اقوام متحدہ کی 6سرکاری زبانیں ہیں جو عربی، چینی، انگریزی، فرانسیسی، روسی اور ہسپانوی ہیں۔

اب تک اس عالمی فورم پر ہونے والی تمام تر سرگرمیوں کو صرف6 زبانوں میں ترجمہ کیا جاتا ہے مگر ایسا پہلی بار ہوا کے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا بیان اردو ترجمے میں بھی نشر کیا گیا ہے جبکہ  انتونیو گوتیرس نے اپنے پیغام میں کہا عزیز دوستو! 2020 آزمائشوں اور سختیوں کا سال رہا ہے،  کورونا وائرس نے ہماری زندگیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے اور اس کے سبب دنیا کو دکھ اور تکالیف دیکھنی پڑیں۔

جاری ویڈیو پیغام میں کہا گیا کہ بہت ساری قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ہیں اور یہ وبا اب بھی پھیل رہی ہے اور اس وبا کی نئی شکلیں بھی سامنے آ رہی ہیں جبکہ غربت، عدم مساوات اور بھوک بڑھ رہی ہے اور ملازمتیں ختم ہو رہی ہیں، قرضے بڑھ رہے ہیں اور بچوں کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انتونیو گوتیرس کا  کہناتھا کہ گھریلو تشدد بڑھ رہا ہے اور ہر جگہ عدم تحفظ پایا جاتا ہے، لیکن ایک نیا سال آرہا ہے جس میں ہمیں امید کی کرن نظر آ رہی ہے جبکہ  لوگ اپنے آس پاس حتیٰ کے اجنبی افراد کی بھی مدد کر رہے ہیں، اگلی صفوں میں کام کرنے پر تن، من اور دھن کی بازی لگا رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ سائنسدان کم ترین مدت میں ویکسین تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ماحولیاتی تباہی سے بچاؤ کیلئے ممالک نئے معاہدے کر رہے ہیں اور اگر ہم مل کر کام کریں گے تو امید کی  کرنیں پوری دنیا پر پھیل سکتی ہیں اور سب سے مشکل ترین سال کا یہی سبق ہے۔

انتونیو گوتیرس کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی اور کورونا وائرس سے صرف متحد ہوکر ہی نمٹا جا سکتا ہے تاکہ ایک پائیدار مستقبل کی طرف بڑھا جا سکے۔

انتونیو گوتیرس کا مزید کہنا تھا کہ سال2021 کیلئے اقوام متحدہ کو عزم یہ ہے کہ2050 تک کاربن سے پاک گیسوں اخراج کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے عالمی اتحاد قائم کیا جائے اور  ہر حکومت، شہری اور کاروباری ادارہ اس مقصد کے حصول میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔

انتونیو گوتیرس کا کہنا تھا کہ آئیے مل کر ایک دوسرے کے ساتھ اور ماحول کے ساتھ امن کا رشتہ قائم کریں اور ماحولیاتی بحران کا مقابلہ کریں اور کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکیں اورسال2021 کوبحالی کا سال بنائیں جبکہ تباہ کن وائرس کے اثرات سے بحالی،  معیشتوں اور معاشروں کی بحالی میں اقوام متحدہ کی طرف سے آپ سب کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔