ای او بی آئی پنشن کا قومی ادارہ(قسط 10)

215

ای او بی آئی کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی(IT) کی نمایاں خدماتـ :
وطن عزیز کے نجی شعبہ کے آجران کے لاکھوں ملازمین اور محنت کشوں کی ضعیف العمر ملازمین فوائد منصوبہ میں رجسٹریشن، کنٹری بیوشن کی وصولیابی اور پنشن کی بروقت اور باسہولت تقسیم کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ لہٰذا ای او بی آئی کا شمار ملک کے ان چند خوش قسمت اداروں میں کیا جاتا ہے کہ جہاں روز اول سے ہی رجسٹرشدہ آجران، بیمہ دار افراد، ملازمین اور محنت کشوں کے جملہ کوائف کو حبیب بینک کے تعاون سے کمپیوٹرائز ڈیٹا محفوظ کیا جاتارہا ہے۔ اگرچہ ای او بی آئی کے قیام کے ابتدائی برسوں میں حبیب بینک لمیٹڈ کے شعبہ کمپیوٹر کے اشتراک سے رجسٹر شدہ آجران،بیمہ دار ملازمین اور پنشن یافتگان کا ڈیٹا محفوظ رکھا جاتا تھا۔ لیکن1986میں ای او بی آئی نے اپنے صدر دفتر میں اپنا باقاعدہ شعبہ الیکٹرونک ڈیٹا پراسسنگ (EDP)قائم کرلیا۔اس مقصد کے لیے اس دورکے جدید ICL ME-29کمپیوٹر سسٹم کی تنصیب عمل میں آئی تھی۔ 1992میں اس سسٹم کو اپ گریڈ کرکے ICL DRS-600ََ سسٹم نصب کیا گیا۔1995میں آئی ٹی میں عدم مرکزیت کی پالیسی اختیار کرتے ہوائے آزمائشی بنیادوں پر علاقائی دفتر ناظم آباد کراچی میں پہلا کمپیوٹر سسٹم نصب کیاگیا اور سال1996میں کراچی کے دو علاقائی دفاتر لانڈھی( موجودہ بن قاسم) اور کورنگی میں بھی کمپیوٹر سسٹم نصب کیے گئے ۔ ای او بی آئی کی تاریخ میں یکم جنوری 1997کو تاریخی دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ جب ایک ہی دن میں ادارہ کے ملک کے مختلف شہروں میں قائم تمام علاقائی دفاتر میں کمپیوٹرسسٹم نصب کرکے انہیں صدر دفتر کے مرکزی کمپیوٹر سسٹم سے منسلک کردیا گیا۔سال 2008میں صدر دفتر میں مرکزی ڈیٹا سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ۔
اس وقت ای او بی آئی کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں DELL کا سرور نصب ہے اوراس وقت شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت ای او بی آئی کے ملک بھر کے44دفاتر وائیڈ ایریا نیٹ ورک(WAN) نظام کے ذریعہ ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔ جبکہ سندھ و بلوچستان،جنوبی پنجاب،وسطی پنجاب اسلام آباد،خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے شعبہ فوائد و اعانت اور کراچی سے گلگت تک کے علاقائی اور ذیلی دفاتر تیز رفتار انٹر نیٹ نظام کے ذریعہ ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔ جبکہ ای او بی آئی کا مرکزی ڈیٹا سنٹر صدر دفتر کراچی میں قائم ہے۔ جس میں کم و بیش ایک لاکھ سے زائد رجسٹرشدہ آجران،86لاکھ سے زائد بیمہ دار افراد اورلاکھوں پنشن یافتگان کے مکمل کوائف محفوظ ہیں۔ شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ادارہ کے ڈیٹا سیکیوریٹی کو یقینی بنانے کے لیے متبادل انتظام کے طور پر لاہور میں ڈیزاسٹر ریکوری سائٹ(DR-Site) بھی قائم کیا ہوا ہے۔ادارہ میں رجسٹر شدہ آجران،بیمہ دار افراد اور پنشن یافتگان کو کوربزنس ایپلی کیشن(CBA) کے ذریعہ سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ای او بی آئی صدر دفتر کے مختلف شعبہ جات فوائد واعانت، مالیات و حسابات، انسانی وسائل ، قانون ،ری کنسیلیشن اور عمومی خدمات کو سپورٹ بزنس ایپلی کیشنز(SBA) کے ذریعہ جملہ خدمات بہم پہنچائی جاتی ہے ۔ا ی او بی آئی کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا عملہ تکنیکی طورا علیٰ تربیت یافتہ اورپنشن منصوبہ پر مکمل عبور اور پیشہ ورانہ مہارت کا حامل ہے۔ای او بی آئی کا شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی تین شفٹوں میں شب وروز خدمات میں مصروف ہے۔