ماتلی، پانی فراہمی کی مین لائن پھٹ گئی، علاقہ زیر آب

367

ماتلی (نمائندہ جسارت) سندھ حکومت کے ماتلی بیوٹی فکیشن پروجیکٹ کے لیے ملنے والے ایک ارب 88 کروڑ روپے کے فنڈ میں سے 23 کروڑ 24 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی نیو واٹر سپلائی کی مین پائپ لائن خلافت راشدہ چوک کے قریب پھٹ گئی جس کی وجہ سے شہر کے درمیان سے گزرنے والی حیدر آباد بدین روڈ مکمل طرح سے زیر آب آگئی ہے اور مرکزی سڑک کسی بڑی نہر میں تبدیل ہو گئی، بعض عینی شاہدین کے مطابق 13دسمبر کی صبح فجر کے وقت بھی اس پائپ لائن سے پانی بہہ رہا تھا مگر کسی بھی ذمے دار محکمے نے اس جانب توجہ نہ دی، دوبارہ شام چار بجے سے پانی کی فراہمی شروع ہوتے ہی دوبارہ اس پائپ لائن سے پانی ابلنا شروع ہوگیا، جسے دو گھنٹے بعد 6 بجے بند کردیا گیا، پائپ لائن پھٹنے کی وجہ سے چند روز قبل تعمیر کی جانے والی سڑک بھی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ واضح رہے کہ یہ پائپ لائن پہلے بھی کئی بار مختلف مقامات سے پھٹ چکی ہے جس سے بار بار پانی کی فراہمی معطل ہوجاتی ہے اور شہریوں کو واٹر سپلائی کے پانی کی قلت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔