پہلی خاتون میچ ریفری بننا اعزاز کی بات ہے، ثمن ذوالفقار

254

لاہور: کرکٹ میچ ریفری ثمن ذوالفقار نے نیشنل ویمن ٹی20 چیمپئین شپ میں فرائض انجام دینا شروع کر دیے ہیں جبکہ اس حوالے سے ثمن ذوالفقار کا کہنا تھاکہ خوشی ہے پہلی خاتون میچ ریفری کے طور پر کام کر رہی ہوں۔

تفصیلات کے مطابق ‏ثمن ذوالفقار پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈویلپمنٹ پینل میں شامل واحد خاتون میچ ریفری ہیں اور انہوں نے راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹرائینگولرز ویمنز ٹی ٹونٹی چیمپئین شپ میں فرائض انجام دینا شروع کر دیئے ہیں۔

ثمن ذوالفقار کا  کہنا تھا کہ خوشی ہے میں پہلی خاتون میچ ریفری کے طور پر کام کر رہی ہوں اور مجھے میچز سپر وائز کر کے بہت خوشی ہورہی ہے  اور  پینل میں شامل ہونے پر فخر محسوس کر رہی ہوں جبکہ اب میں نے باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا ہے تو میں اسے اپنے لیے اعزاز کی بات سمجھ رہی ہوں۔

میچ ریفری ثمن ذوالفقار کا کہنا تھاکہ میں زیادہ سے زیادہ تجربہ حاصل کرنے کی خواہشمند ہوں اور لڑکیوں کو میرا پیغام ہے کہ اس فیلڈ میں آئیں۔

واضح رہے ثمن ذوالفقار کا کہنا تھاکہ پی سی بی نے اچھا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے اور لڑکیوں کو امپائرنگ کی طرف بھی آنا چاہیے۔

یاد رہے ثمن ذوالفقار کا شمار پاکستان میں نئی تاریخ رقم کرنے والی خواتین میں ہوتا ہے  جبکہ وہ اس سال بھی ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے ریفری پینل میں واحد خاتون میچ ریفری ہیں ۔

ثمن ذوالفقار، ضلع قصور کے مشہور قصبے الہ آباد سے تعلق رکھنے والی ملک کی پہلی خاتون میچ ریفری ہیں اور اپنا شوق پورا کرنے کے لیے کرکٹ میچ میں ریفری کے شعبے سے وابستہ ہیں  جبکہ  انہوں نے اسپورٹس سائنسز میں ماسٹرز کرنے کے دوران اپنی دلچسپی کرکٹ میں بڑھتی محسوس کی ، تعلیم کے دنوں میں کرکٹ تو کھیلی اور امپائرنگ کے کورس کے بعد ریفری شپ کی طرف آ گئیں۔