مسلسل تیسرے ماہ ملکی کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوگیا

201

اسلام آباد (کامرس ڈیسک)حکومت کے مؤثر معاشی اقدامات کے ثمرات نمایاں ہونے لگے ، مسلسل تیسرے ماہ ملکی کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ صرف ستمبر کے مہینے میں ملکی کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس سات کروڑ تیس لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ سال ستمبر میں ستائیس کروڑ اسی لاکھ ڈالر خسارے میں تھا۔اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں اناسی کروڑ بیس لاکھ ڈالر کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہا جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں پاکستان کو ایک ارب انچاس کروڑ بیس لاکھ ڈالرز کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا سامنا تھا۔یاد رہے وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کرنٹ اکاؤنٹ کے سرپلس کی خوش خبری دیتے ہوئے لکھا تھا ’پاکستان کے لیے عظیم خوش خبری‘، بالآخر ہم درست سمت میں چل نکلے ہیں، ماہِ ستمبر میں 73 ملین ڈالر کے سر پلس کے ساتھ کرنٹ اکاؤنٹ پہلی سہ ماہی کے لیے 792 ملین ڈالر ہوگیا ہے۔ خیال رہے جولائی اور اگست2020 میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 80 کروڑ 50لاکھ ڈالرزہو گیا تھا جبکہ گزشتہ سال جولائی اگست میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 1 ارب 21کروڑ ڈالرز تھا اور اگست میں ملکی کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 29 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز رہا۔