گردشی قرضے نے معاشی پالیسیوں کو ناممکن بنا دیا

226

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ گردشی قرضے کی موجودگی میں معاشی پالیسیوں کی کامیابی اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی توقع رکھنا خود فریبی ہے جس میں ہم کئی دہائیوں سے مبتلا ہیں۔گردشی قرضے کے خاتمے کیلئے بجلی کی قیمت مسلسل بڑھائی جا رہی ہے مگر گردشی قرضہ بھی کم ہونے کے بجائے بڑھ رہا ہے جو حیران کن ہے۔اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے بجلی اور گیس کے شعبوں کے گردشی قرضوں کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہئے ۔ میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان میں بجلی کی قیمتیں ویتنام، سری لنکا، بنگلہ دیش، ملائیشیا، بھارت، تھائی لینڈ اور جنوبی کوریا سے زیادہ ہیں۔ ان ممالک کے مقابلے میں گھریلو صارفین کے لیے بجلی 28 فیصد اور صنعتی صارفین کے لیے 26 فیصد تک زیادہ ہے مگر پھر بھی پاور سیکٹر کے نقصانات حیران کن ہیں۔