ملک نعروں اور انتقامی سیاست میں خودکفیل ہو گیا ،شاہد رشید

188

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ مہنگائی لاقانونیت اور عوامی بے چینی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ملک بلند بانگ دعووں سیاسی نعروں اور انتقامی سیاست میں خودکفیل ہو گیا ہے جبکہ بے رحم مافیا ملکی نظام پر پوری طرح حاوی کر عوام کی چیخیں نکال رہی ہے۔ حکمرانوں کو عوام کی فلاح کے بجائے اپوزیشن کو گھیرنے کی فکر کھائے جا رہی ہے۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ حکومت صرف انتقام لینے کا نام نہیں ہے بلکہ اس نے عوام کو ریلیف دینے اور معیشت کو بہتر بنانے سمیت اور کام بھی کرنا ہوتے ہیں۔ جب بادشاہوں جیسی زندگی گزارنے والے ارب پتی اور کھرب پتی سیاستدان ٹیکس نہیں دیتے تو عوام سے کس منہ سے ٹیکس اور قربانیاں مانگتے ہیں۔حکومت نے آٹے اور چینی کے درآمدکنندگان کو ہر ممکن مراعات دے کر دیکھ لیا مگر ان کوششوں کے باوجود گندم آٹے اور چینی کی قیمت کم نہیں کی جا سکی ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ درآمدکنندگان بھی مافیا کے کارندے ہیں جن کا مقصد حکومت کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ہے۔
امپورٹر بھی عوام کو لوٹنے کے جرم میں برابر کے شریک ہیں جن کے خلاف کارروائی میں تاخیر نہ کی جائے۔حکومت جب تک ملک میں آٹے اور چینی کی دستیابی یقینی بنانے اورفاضل ا سٹاک کے لیے خود گندم اور چینی درآمد نہیں کرے گی صورتحال بہتر نہیں ہو سکتی اور فوڈ سیکورٹی کا مسئلہ گھمبیر ہوتا چلا جائے گا۔ حکومت کو اندازہ ہے کہ اسے آٹے اور چینی کے بحران کی بھاری سیاسی قیمت چکانا پڑے گی مگر اس کے باوجود کوئی ٹھوس قدم نہ اٹھانا سمجھ سے بالا تر ہے۔