کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کا خیال دماغ سے نکال دیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ

398

سیہون:وزیراعلیٰ سندھ  سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اگر کوئی کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کا سوچ رہا ہے تو وہ اسے اپنے دماغ سے نکال دے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ صوبائی وزیر آبپاشی سہیل انور سیال کے ہمراہ سیہون کے شہر جوہی کا دورہ کیا،وزیراعلی نے سیلابی پانی سے متاثرہ جوہی، واھی پاندھی روڈ اور ایف پی بند کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئےوزیراعلی ٰ سندھ نے کہا کہ ایف پی بند میں 8مقامات پر شگاف پڑے، قمبر شہداد کوٹ سے منچھر جھیل تک بارشوں سے کافی نقصان ہوا، متاثرین کی رہائش کیلئے چار ہزار ٹینٹس کی ضرورت ہے جن میں سے 33 سو ٹینٹ تیار ہوچکے ہیں، جوہی کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا گیا ہے۔

سید مراد علی شاہ نے ایک سوال کے جواب میں استفسار کیا کہ مجھے وہ آئین و قانون بتائیں جس کے تحت کراچی وفاق میں آسکتا ہو؟۔

انہوں نے کہا کہ آئین میں کہیں گنجائش نہیں کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کیا جائے، اگر کسی کے دماغ میں کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی ہوا بھری ہے تو وہ دماغ سے نکال دے، اگر کوئی ایسا ایکشن لیا بھی گیا تو سندھ کے عوام اس فیصلے کے خلاف جائیں گے۔