اطہر ہاشمی کا خلاء کبھی پر نہیں ہوسکے گا،شمس الرحمٰن سواتی

470

نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمان سواتی نے روزنامہ جسارت کے چیف ایڈیٹر سید اطہر ہاشمی کے انتقال پر گہرے انج وغم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی شعبہ صحافت میں بے مثال خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اطہر ہاشمی نے اردوصحافت کو عروج بخشا۔ان کے انتقال سے علم وادب کا ایک روشن چراغ گل ہو گیا ہے اور پاکستان ایک عظیم صحافی سے محروم ہوگیا ہے ۔ان کی شعبہ صحافت میں کی جانے والی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا ۔انھوں نے اطہر ہاشمی کے اہلخانہ ،روزنامہ جسارت کے اسٹاف وکارکنان اور ہزاروں کی تعداد میں دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ان کے شاگردوں سے بھی اطہر ہاشمی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کی دعا کی۔
خالد خان‘ قاسم جمال و دیگر کی تعزیت
نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے ایک نمائندہ وفد نے جنرل سیکرٹری محمد قاسم جمال کی قیادت میں روزنامہ جسارت کراچی کے چیف ایڈیٹر اطہر ہاشمی کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور ان کے صاحبزادے اور چھوٹے بھائی سے تعزیت کا اظہار کیا۔نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان‘ پیارے کے رہنما طاہر حسن اور شیخ مجید ‘ مزدور رہنما شفیق غوری نے بھی اطہر ہاشمی کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان کی صحافت کا ایک عظیم نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ اطہر ہاشمی شرافت اور شائستگی کی پہچان تھے ۔انھوں نے اردو زبان کو عروج بخشا اور انھوں نے قلم کی حرمت کا پاس رکھا اور ان کی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔