کشمیریوں کےلیے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، مصطفی کمال

191

کراچی (آن لائن )چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں،کشمیریوں کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، ہم نے کشمیر کی جنگ کراچی میں لڑی، جانوں پر کھیل کر ملک کا دفاع کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم اور اقوام متحدہ کی قرارداد کے برخلاف مودی سرکار کے 5 اگست 2019ءکے ظالمانہ فیصلے اور وادی میں جاری لاک ڈاﺅن کو ایک سال مکمل ہونے پر یوم استحصال کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، نیشنل کونسل کے ذمے داران سمیت کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مصطفی کمال نے کہا کہ کشمیری ہمارے بھائی ہیں، ان کی پاکستان سے محبت و عقیدت لازوال ہے، وہ پاکستان کا نعرہ لگاتے ہیں، پاکستان کا جھنڈا اٹھاتے ہیں اور اسی جھنڈے میں لپیٹ کر اپنے شہیدوں کو دفناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس پی پاکستان کے دفاع میں مصروف فرنٹ لائن کی سیاسی جماعت ہے۔ ہم نے کراچی میں بھارت سے مقابلہ کیا۔ جب جب مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی زور پکڑتی تھی تب تب را کے ایجنٹس کراچی میں خون کی ہولی کھیلتے تھے۔ ہم نے پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی میں بھائی کو بھائی سے ملا کر بھارتی خفیہ ایجنسی را کی سرمایاکاری کو ختم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ اور پاکستان کے رہنے والوں کے خلاف کام کر رہی ہے، لوگوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت کو کم کر رہی ہے، اپنی کریشن، اقربا پروری، تعصب اور نااہلی کی وجہ سے پورے سندھ میں جو حالات پیدا کر دیے ہیں وہ بیرونی دشمن بھارت کو آگ بھڑکانے کے لیے بہت سارا مواد فراہم کررہے ہیں۔