سپریم کورٹ کا نسلہ ٹاور کا پلاٹ بیچ کر متاثرین کو پیسے ادا کرنے کا حکم

189

کراچی: سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور کا پلاٹ بیچ کر متاثرین کو رقم ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق عدالت عظمیٰ نے غیر قانونی تعمیر کی بنیاد پر منہدم کیے گئے نسلہ ٹاور کے پلاٹ کو نیلامی کے ذریعے فروخت کرکے متاثرین کو ان کی رقم واپس ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

نسلہ ٹاور انہدامی کے متاثر ین کی درخواست پر سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہوئی، جس میں وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں 40 متاثرین ہیں جب کہ نسلہ ٹاور کا مالک وفات پا چکا ہے اور متاثرین تاحال معاوضے سے محروم ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ نسلہ ٹاور سے جڑا پلاٹ رفاعی حیثیت کا تھا،جس کی وجہ سے اسے گرایا گیا تھا۔ عدالت نے حکم دیا کہ نسلہ ٹاور کے پلاٹ کی نیلامی کرکے متاثرین کو رقم ادا کی جائے۔

سپریم کورٹ نے سندھی مسلم کوآپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی (ایس ایم سی ایچ ایس) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اگلی سماعت پر معاملے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔ پلاٹ فروخت کرنے سے قبل اشتہار دیا جائے، متاثرین اپنی ملکیت کی دستاویزات اور جو پیسے جمع کرائے تھے اس کی تفصیل جمع کرائیں۔