افغانستان میں مسجد پر فائرنگ اور بم دھماکے میں 9 افراد جاں بحق، 14 زخمی

575

کابل: افغانستان میں مسجد پر فائرنگ اور بم دھماکے کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے ۔

افغان میڈیا کے مطابق دارالحکومت کابل سے باہر ضلع سروبی میں ایک منی بس کے سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرانے کے نتیجے میں 5 شہری ہلاک اور 11 زخمی ہو گئے ہیں،یہ بات ضلعی گورنر گوہر خان بابری نے بتائی۔

عہدیدار کے مطابق یہ مہلک واقعہ دوپہر کے وقت پیش آیا اور تمام متاثرین عام شہری ہیں،بابری نے طالبان پر الزام لگایا کہ وہ لوگوں کو خوفزدہ کرنے کے لئے یہ بم حملے کر رہے ہیں۔ تاہم مسلح تنظیم نے ابھی تک اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ادھر افغانستان کے شمالی صوبہ فریاب کی پولیس کے ترجمان عبدالکریم یوراش نے کہا ہے کہ عسکریت پسندوں کی مسجد پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 نمازی جاں بحق جبکہ 3زخمی ہوگئے ہیں۔

یوراش نے شِنہوا کو بتایا کہ عسکریت پسندوں نے صوبہ فریاب کے صدرمقام میمنہ شہر میں سوموار کی شام کو مسجد پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس سے 4عبادت گزار ہلاک جبکہ 3زخمی ہوگئے۔

ترجمان نے مزید کہاکہ حملہ کے بعد حملہ آور ایک کار پر فرار ہوگئے لیکن قریبی پولیس نے انہیں روک لیا، صوبے میں طالبان کے جاسوس ادارے کے رکن قاری نقیب سمیت 2حملہ آور ہلاک ہوگئے۔

تاحال واقعہ کی ذمہ داری اب تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔