پاکستان اسٹاک مارکیٹ :انڈیکس میں 386.08پوائنٹس کا اضافہ

208

کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںمنگل کو بھی تیزی کا تسلسل برقرار رہااور کے ایس ای100انڈیکس 386.08پوائنٹس کے اضافے سے34408.05پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں دلچسپی بڑھنے کے باعث 48فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کے سرمائے میں 53ارب 61کروڑ49لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کاروباری حجم بھی پیر کی نسبت11.88فیصد زائد رہا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کوٹریڈنگ کے آغاز سے ملک میں لاک ڈائون میں نرمی برقرار رکھنے کی اطلاعات پر سرمایہ کاروں کی جانب سے مخصوص منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری شروع کی گئی جس کے باعث تیزی دیکھنے میں آئی اور ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس34525پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا بعد ازاں منافع کے حصول کی عرض سے شیئرز کی فروخت کے باعث مذکورہ سطح برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان غالب رہا اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 386.08پوائنٹس کے اضافے سے34408.05پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای30انڈیکس 215.83پوائنٹس کے اضافے سے 15071.48پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس202.02پوائنٹس کے اضافے سے 24668.28پوائنٹس پر بند ہوا ۔ گزشتہ روز مجموعی طور پر358کمپنیوں کا کاروبار ہوا ۔