کراچی کے تاجروں نے بھی کاروبار کھولنے کا فیصلہ کرلیا،جاوید شمس

176

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے تاجروں نے ایس او پیز کے تحت صبح آٹھ سے شام چار بجے تک کاروبارکھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق صدر انجمن تاجران کراچی جاوید شمس کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت کوروناوائرس کے حوالے سے انتہائی مشکل وقت سے گزررہا ہے،وائرس سے بڑھتے ہوئے کیسز الارمنگ صورت حال ہے،لہذا تاجر برادری اور خریداروں کو اپنی اور دوسروں کی زندگی کو بچانا ہے۔جاوید شمس نے کہا کہ کراچی میں ایس او پیز کے تحت صبح آٹھ بجے سے شام چار بجے تک کاروباری سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی، اس دوران حکومتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا ساتھ ہی خریداروں کوبھی سوشل ڈسٹینس، ماسک اور گلوز کے استعمال کا خیال رکھنا ہوگا۔صدر انجمن تاجران کراچی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اور تاجر برادری کو ایک پیچ پر آنا ہوگا اس کے بغیر کورونا سے بچاو ممکن نہیں۔