کراچی کی گنجان آبادیوں میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے،وزیراعلیٰ سندھ

398

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کی گنجان آبادیوں میں مقامی منتقلی کے کیسز بہت زیادہ بڑھ رہے ہیں،ہمیں احتیاط کرنا ہوگی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےکورونا وائرس کی صورتحال پر وڈیو پیغام  میں کہا کہ سندھ میں آج سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں جس میں زیادہ تعداد کراچی کی ہے،یہ پریشانی کی بات ہے، ہمیں لاک ڈاؤن کی چھتری کو ہر صورت سنبھالنا ہوگا،آج 320 نئے کیسز آئے ہیں، اس سے پورے ملک میں دس ہزار کیسز ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج سندھ میں کل مریضوں کی تعداد 3373 ہوگئی ہے،320 کیسز میں 12 کیسز تبلیغی جماعت کے باقی 308 مقامی ٹرانسمیشن کے ہیں،مقامی منتقلی 15.2 فیصد ہوگئی ہے جس کیلئے ہم سب کو اپنی آنکھیں کھولنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں کورونا وائرس سےآج مزید 3 مریض انتقال کرگئے،جس کے بعدجاں بحق ہونے والوں کی تعداد 69 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے ڈسٹرکٹس کے حوالے سے بتایا کہ کراچی جنوبی میں کورونا کے مزید 79 کیسز کے اضافے کے ساتھ کُل تعداد 578 ہوگئی ہے، کراچی شرقی میں نئے 42 کیسز سامنے آئے ہیں،جس کے بعد کل تعداد468ہوگئی ہےجن میں 20افرادتبلیغی جماعت کے ہیں،کراچی غربی میں 259 کیسز ہیں جس میں ایک تبلیغی جماعت کا ہے

انہوں نے کہا کہ کراچی غربی میں آج 48 نئے کیسز آنے کے بعد مقامی منتقلی کے 258 کیسز ہوگئے،کورنگی میں آج 16 نئے کیسز آنے کے بعد کورونا کے مریضوں کی تعداد 179 ہوگئی ہے،ملیر میں155 کیسز ہیں جس میں 8 تبلیغی جماعت کے ہیں،آج ملیر میں 15 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اس طرح مقامی منتقلی کے کیسز کی تعداد 147 ہوگئی۔

حیدرآباد میں آج 19 نئے کیسز آنے کے بعدتعداد 229ہوگئی ہےجس میں سے 158کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے،لاڑکانہ میں 65 کُل کیسز ہیں، جن میں 42 زائرین ہیں،سکھر میں 347 کیسز ہیں، جس میں ایران سے آئے ہوئے زائرین کی تعداد 237 ہے جبکہ تبلیغی جماعت کے 76 کیسز ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کی گنجان آبادیوں میں مقامی منتقلی کے کیسز بہت زیادہ بڑھ رہے ہیں، ہمیں احتیاط کرنا ہوگی، سکھر میں بھی مقامی منتقلی کے 7 کیسز ہوچکے ہیں، لاڑکانہ میں مقامی منتقلی کے 23 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، حیدرآباد میں مقامی منتقلی کے 71 کیسز ہوگئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کی صورت میں بھی عوام کو یہ چھتری اٹھائے رکھنی ہوگی،چھتری کے بغیر بارشیں باہر نکلنے سے جس طرح بھیگ جاتے ہیں اسی طرح گھروں میں رہتے ہوئے کورونا سے بچ سکتے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ

انہوں نے کہا کہ شہریوں سے التجا کرتا ہوں اپنے گھروں میں نماز ادا کریں،اس احتیاط میں ہماری اپنی، ہمارے پیاروں اور ہمارے شہریوں کی زندگی سمائی ہوئی ہے،آپ کی احتیاط ملک کو اس مرض سے نجات دلائے گا۔