شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ ‘ فوجی جوان شہید

249

راولپنڈی( خبر ایجنسیاں)شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک فوجی اہلکار شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی نقل و حمل کو دیکھا اور کوئیک ری ایکشن فورس نے جیسے ہی علاقے کا محاصرہ کیا دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔ بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے جمرود، خیبر سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ لانس نائیک ارشاد خان نے جام شہادت نوش کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے شمالی وزیرستان میں ایک بار پھر دہشت گردوں کی نقل و حمل دیکھی جارہی ہے۔چار روز قبل شمالی وزیرستان میں تحصیل میر علی کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں 2 سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ 7 عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے۔پولیس کا کہنا تھا کہ ذکرخیل کے علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ایک دہشت گرد گروہ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔اس حوالے ایک عہدیدار نے بتایا کہ 3 سے 4 عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ اس وقت شروع ہوئی جب سیکورٹی فورسز علاقے میں گشت کر رہی تھیں۔8 اپریل کو بھی سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع شمالی وزیرستان اور مہمند میں کارروائی کرکے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے 24گھنٹوں کے دوران شمالی وزیرستان اور مہمند میں خفیہ اطلاعات پر دو الگ الگ آپریشنز کیے۔اس سے قبل 18 مارچ کو خیبر پختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے ایک افسر سمیت 4 جوان شہید ہوگئے جبکہ 7 دہشت گردوں کو بھی مار دیا گیا تھا۔