سی ٹی ڈی کارروائیوں میں کالعدم تنظیموں کے 4 دہشت گرد گرفتار

1644

راولپنڈی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی کارروائیوں میں مختلف کالعدم تنظیموں سے وابستہ 4 دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس میں راولپنڈی سے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کا تعلق داعش، ٹی ٹی پی اور بلوچ لبریشن سے ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد راولپنڈی میں خطرناک منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔ دہشت گردوں سے بارودی مواد ، ڈیٹو نیٹر ، حفاظتی فیوز اور نقدی برآمد کرلی گئی ہے۔ گرفتار دہشت گردوں کی شناحت  اجمل امین،فیروز، حامد بشیر اور اویس شاہ  کے نام سے ہوئی۔ دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے395 کومبنگ آپریشنز کے دوران 108 مشتبہ افراد گرفتار کیے  گئے جب کہ 20940 افراد سے پوچھ کچھ کی گئی۔ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔