الخدمت پاکستان کو آفات و مصائب سے نکالنے کیلیے حاضر ہے، ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن

1678

راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا ہے کہ الخدمت پاکستان کو آفات اور مصائب سے نکالنے کے لیے حاضر ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام منعقدہ ایکسپو کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کا کہنا تھا کہ کئی برس سے پاکستان آفات کی زد میں ہے ایک تکلیف کم ہوتی تو دوسرا نیا حادثہ سامنے کھڑانظرآتا ہے۔ مصیبتیں اور دکھ قطارباندھے کھڑے ہوتے ہیں، تاہم  جوقومیں بے شمارمصائب کا شکارہوں وہ ان سے نبردآزماہونے کے لیے متحدہوکر موثرپلان کرتی اور  خودکومضبوط اور متحرک بناتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن 7ممالک میں رجسٹرڈ ہے اور پاکستان سمیت ان ممالک میں بھی انسانیت کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ لاکھوں بے لوث رضاکارہماری قوت ہیں۔  زلزلے،سیلاب،کوروناسمیت ہرمصیبت میں متاثرین کی مددکو پہنچتے ہیں۔ الخدمت کے رضاکاروں کویہ اعزازبھی حاصل ہواکہ ترکیہ اور شام کے حالیہ زلزلے میں ترک حکومت کی میزبانی میں ان متاثرہ علاقوں میں بھی انسانیت کے خدمتگاربنے۔

اس موقع پرتقریب کے مہمان خصوصی سابق اسپیکرقومی اسمبلی راجا پرویزاشرف،چیئرمین این ڈی ایم اے انعام حیدرملک ودیگرمہمانوں نے ایکسپو میں قائم الخدمت فاؤنڈیشن کے اسٹال کا دورہ کیا، جہاں نیشنل ڈائریکٹرالخدمت ڈیزاسٹرمینجمنٹ فضل محموداور ان کی ٹیم نے مہمانوں کو الخدمت کی کارکردگی بالخصوص ڈرون کے بارے میں بریفنگ دی۔

صدرالخدمت فاؤنڈیشن نے سابق اسپیکرقومی اسمبلی کویادگاری سووینیرپیش کیا۔اس موقع پر مرکزی نائب صدراعجازاللہ خان سمیت دیگرذمے داران اور رضاکاربھی موجودتھے۔

ڈاکٹرحفیظ الرحمٰن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان مسلسل آفات کی زدمیں ہے۔ عالمی سطح پر تیزی سے بدلتے موسمی حالات بھی اس پر اثراندازہورہے ہیں۔ ایسے میں سرکاری وغیرسرکاری اداروں،این جی اوزسمیت پوری قوم کو مل کر مستقبل کی مؤثرپلاننگ اور مصائب کے سامنے ایک مضبوط دیوار کے  مانند کھڑاہونے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب سے پہلا کام ویژن رکھنے والی لیڈرشپ کا ہونا ہے، جو تمام اسٹیک ہولڈرزکویک جان کرے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے یہ صلاحیت اور ویژن رکھتے ہیں۔ انہوں نے ایک چھت کے نیچے تمام اسٹیک ہولڈرزکوجمع کیا، جوانتہائی احسن اقدام ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے تمام رضاکاراور وسائل پاکستان کو آفات اورمصائب سے نکالنے کے لیے حاضرہیں۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرزکے اس طرح کے سیشنز مسلسل جاری رہنے چاہییں۔ آج یہا ں دنیا بھرسے ایکسپرٹ جمع ہیں۔ صوبائی،ضلعی اور مقامی سطح تک ایسی نشستوں اورسیشنز کاانعقاد کرکے کمیونٹی کوآگاہی اورعملی اقدامات کے لیے تیار کرنے کے ضرورت ہے۔