آن لائن رجسٹریشن کو موثر بنایا جائے،اسحاق مہر

118

کمشنر سندھ سوشل سیکورٹی محمداسحاق مہر نے تمام لوکل ڈائریکٹوریٹس کو ہدایت کی ہے کہ سوشل سیکورٹی اسکیم میں آئندہ رجسٹرڈ ہونے والے تمام صنعتی و تجارتی اداروں کو آن لائن رجسٹر کیاجائے اور ایز آف ڈوئنگ بزنس کے حوالے سے جو ادارے پہلے سے رجسٹر ہیں انہیں پابند کیاجائے کہ وہ اپنا سوشل سیکورٹی کنٹری بیوشن آن لائن سیسی کے اکاؤنٹ میں جمع کرائیں۔ انہوں نے یہ ہدایت گزشتہ دنوں ڈائریکٹرز کے ماہانہ کارکردگی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں وائس کمشنرصفدرحسین رضوی، ڈائریکٹرکنٹری بیوشن اینڈ بینیفٹ عنبرین کامل، صوبے بھر کے تمام لوکل ڈائریکٹوریٹس کے سربراہوں، ڈائریکٹر ایجوکیشن سیس، ڈائریکٹر انجینئرنگ اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمشنر سیسی اسحاق مہر نے تمام لوکل ڈائریکٹرز پرزور دیا کہ وہ سوشل سیکورٹی کنٹری بیوشن کے حوالے سے اپنا ٹارگٹ پورا کریں تاکہ سوشل سیکورٹی اسکیم میں رجسٹرڈ تحفظ یافتہ محنت کشوں اور ان کے لواحقین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیرمحنت سعیدغنی کی ہدایت ہے کہ ایزآف ڈوئنگ ریفارمز پر من و عن عمل کرکے مجوزہ ٹائم فریم کے مطابق اسے مکمل کیاجائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ عملے کی کمی اور بند یونٹس کی وجہ سے ٹارگٹ مکمل نہیں ہوپارہا۔ جس پر کمشنر سیسی نے وائس کمشنر کو ہدایت کی اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ڈائریکٹرسی اینڈبی عنبرین کامل نے اجلاس کو بتایا کہ رواں مالی سال 2019-20 کے دوران سوشل سیکورٹی اسکیم میں 32ہزارسے زائد صنعتی و تجارتی ادارے جبکہ ان کے 31لاکھ سے زائدمحنت کش اور ان کے لواحقین رجسٹرڈ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیسی کو آن لائن پورٹل پر اب تک 1کروڑ73لاکھ 95ہزار332 روپے سوشل سیکورٹی کنٹری بیوشن کی مد میں وصول ہوچکے ہیں۔