کورونا وائرس انسانیت کا دشمن ہے ،مل کر مقابلہ کرنا ہوگاشیخ امتیاز حسین

105

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج معالجہ کے لیے روٹری کلب آف کراچی ایونیو بھی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے ،آئیسو لیشن وارڈاورقرنطینہ سینٹر قائم کرنے سے کورنا وائرس کی روک تھام میں مدد ملے گی ، روٹری کلب انٹرنیشنل خصوصی طور پر صحت ،تعلیم اور غربت کے خاتمے کے لیے کام کر تا ہے۔یہ بات روٹری کلب آف کراچی ایونیو کے نامزد صدر شیخ امتیاز حسین نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف آئیسو لیشن وارڈزاورقرنطینہ سینٹرزکے دورے کے موقع پر موجود ڈاکٹرز ،پیرا میڈیکل اسٹاف اوردیگرعملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ شیخ امتیاز حسین نے کہا کہ سندھ حکومت کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے مکمل علاج اور دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اورسخت خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جو غریب مزدور فیکٹریوں اور کار خانوں میں ڈیلی ویجز پر کام کرتے ہیں انہیں بھی راشن فراہم کیا جائے گا تا کہ غریب مزدوروں گھروں فاقہ کشی نہ ہو، کورونا وائرس انسانیت کا مشترکہ دشمن ہے اس لیے سب کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا اوراسے شکست دینی ہوگی ۔شیخ امتیاز حسین نے کہاکہ چائنا جیسے ملک نے بھی سخت اقدامات کی بدولت بڑی حد تک کورونا وائرس پر قابو پالیا ہے اور وہاں ہزاروں لوگ صحتیاب ہو گئے ہیں جبکہ پاکستان میں بھی حکومت نے جو اقدامات کیے ہیں اس سے کورونا وائرس میں مبتلا مریض صحتیاب ہو جائیں گے انہوں نے کہاکہ تمام پاکستانی اپنی اپنی حیثیت میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں تا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مکمل طور پر کامیابی حاصل ہو۔