کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سندھ حکومت کی کارکردگی بہترین ہے ، شیخ عمر ریحان

138

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر شیخ عمر ریحان نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کاٹی سندھ حکومت کے فیصلوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں قوم اور حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سندھ کی پوری ٹیم باالخصوس وزیر صحت عذرا پیچوہو، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، وزیر تعلیم سعید غنی اور وزیر اعلیٰ کے ترجمان مرتضی وہاب نے فوری اور بروقت اقدامات میں قابل تحسین قردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس ایک بین الاقوامی بحران اور چیلنج ہے جس کے مقابلے اور روک تھام کے لیے وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے جامع حکمت عملی کے تحت بروقت اقدامات کیے ہیں جس کا پورے ملک میں اعتراف کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے کاٹی کے پلیٹ فورم سے ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی میں کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ سے مسائل سنگین نوعیت اختیار کرسکتے تھے تاہم حکومت سندھ نے ابھی تک جو اقدامات کیے ہیں وہ تسلی بخش ہیں اور امید ہے کہ پورا ملک جلد ہی اس چیلنج سے نکل آئے گا۔