کورونا وائرس پر اقدامات ،صوبائی وزرا کی علما سے تعاون کی اپیل

179

کراچی (اسٹاف ر پورٹر) سندھ کے وزیر برائے اطلاعات ، بلدیات، جنگلات و جنگلی حیات سید ناصر حسین شاہ اور صوبائی وزیر تعلیم و محنت سعید غنی نے اتوار کے روز مختلف مکتب فکر کے علماکرام سے ملاقات کی اور کورونا وائرس کے حوالے سے اقدامات اور گئے فیصلوں سے آگاہ کیا۔سید ناصر حسین شاہ نے مفتی منیب الرحمن سے دارالعلوم نعیمیہ میں ملاقات کی اور کورونا وائر س کے انسدداد کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا، وزیر اعلیٰ کی قائم کردہ ٹاسک فورس سے فیصلوں کے نتیجے میں صوبے کے تمام تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں، مدارس کے لیے بھی یہی احکامات ہیں۔ مفتی منیب الرحمن نے سندھ حکومت کے فیصلوں کی تائید کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ حکومت کے فیصلے کے مطابق تمام مدارس میں درس و تدریس معطل کردی گئی ہے۔دعوت اسلامی کے مجلس رابطہ کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مولانا الیاس قادری ایک وڈیو بیان جاری کریں جس میں عوام کو ہیلتھ ایڈوائزری سے متعلق آگاہی دیں۔ دعوت اسلامی کے اراکین نے کہا کہ جلد مولانا الیا س قادری کا بیان جاری کردیا جائے گا۔ صوبائی وزرا نے سیلانی ویلفیئر کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی سے ملاقات کرکے کورونا وائرس پر قابو پانے کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔مولانا بشیر فاروقی نے کہا کہ سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤکو روکنے کے لیے اقدامات کیے ہیں وہ قابل ستائش ہیں،صوبائی حکومت کا ہر ممکن ساتھ دیں گے ۔وزرا نے علما کرام کا شکریہ اداد کیا۔