دادو، مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے ناقص نظام کیخلاف دھرنا

147

دادو (نمائندہ جسارت) دادو میں میونسپل کمیٹی کی نااہلی کیخلاف شہریوں کا ریلوے ٹریک بند کرکے احتجاج اور دھرنا، ٹائر نذر آتش کرکے میونسپل کمیٹی چیئرمین کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ دادو شہر کی شہباز کالونی سمیت دیگر محلوں کے شہریوں نے علاقے میں نالوں کے گندے پانی کی عدم نکاسی اور صفائی نہ ہونے کیخلاف مظاہرین مینہوں خان لغاری، قادر بخش بروہی اور دیگر سیکڑوں کی تعداد میں شہریوں نے ریلوے پھاٹک کو بند کرکے احتجاج کرتے ہوئے ٹائر نذر آتش کرکے دو گھنٹوں تک دھرنا دے دیا۔ پھاٹک بند ہونے کے باعث سیکڑوں کی تعداد میں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین نے میونسپل کمیٹی چیئرمین کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل چیئرمین نااہل ہیں، ایک ہفتے سے علاقے میں نالیوں کا گندا پانی جمع ہے، ڈرینج کا گندا پانی جمع ہونے کے بعد علاقے میں موذی امراض پھیل رہے ہیں، کئی بار شکایات کی ہیں مگر میونسپل چیئرمین صفائی نہیں کروا رہے جس کے باعث ہماری زندگی اجیرن بن گئی ہے۔ انتظامیہ نوٹس لیتے ہوئے علاقے میں فوری طور پر صفائی کرائی جائے۔