ٹنڈوآدم، مسافر پاؤں پھسلنے کے سبب ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق

190

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) چلتی ٹرین میں چڑھنے والا مسافر پاؤں پھسلنے کے سبب ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق متوفی وفاقی ادارے میں انٹریو کے لیے سکھر جارہا تھا، ٹرین اور پلیٹ فارم کے فاصلے کو حادثے کا سبب بتایا جارہا ہے۔ ریلوے حکام سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔ گزشتہ رات چلتی ٹرین میں چڑھنے والا 35 سالہ ہندو نوجوان للیت کمار ولد سیٹھ کمار کراچی سے سکھر جانے والی مسافر ٹرین سکھر ایکسپریس میں ٹنڈوآدم ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم سے چڑھنے کے دوران پاؤں سلپ ہونے کے سبب ٹرین کے نیچے جا گرا جس کے سب اس کے جسم کچھ حصے کٹ گئے اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا متوفی کو ریلوے چوکی پولیس کے انچارج لالا ارشد اقبال، کانسٹیبل عتیق احمد اور غلام رسول نے تعلقہ اسپتال پہنچایا خاندانی ذرائع کے مطابق متوفی وفاقی ادارے میں ملازمت کے لیے انٹرویو کے لیے سکھر جارہا تھا، یہ دلخراش واقعہ رونما ہوگیا۔ واقعے پر سماجی حلقوں نے بتایا کہ ٹنڈو آدم پلیٹ فارم از نو تعمیر کے دوران ٹھیکیدار نے پلیٹ فارم اور کھڑی ٹرین کے درمیان فاصلے میں انتہائی غفلت کا مظاہرہ کیا، جس کی وجہ سے حادثات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پلیٹ فارم اور کھڑی ٹرین کے درمیان فاصلے کی وجہ سے آئے روز حادثات رونما ہوتے ہیں اور کئی قیمتی جانیں ضائع ہوگئی ہیں۔ انہوں نے ریلوے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹنڈو آدم پلیٹ فارم اور کھڑی ٹرین کے درمیانی فاصلے کو ختم کرائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات رونما نہ ہوسکے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی متوفی للیت کمار کے واقع ڈبل بتی چوک پر سیکڑوں عزیز و اقارب، دوست احباب اور شہری پہنچ گئے اور لواحقین سے دلی افسوس کا اظہار کیا۔