بیوائوں کی امداد کے پیسے ہڑپ کرنے والے عورتوں کو کیا حقوق دیں گے

371

سکھر( نمائندہ جسارت)جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد خالد محمود سومرو نے پی پی لیڈر بلاول زرداری کو شدید تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی والدہ کے خون کو انصاف فراہم نہ کرسکنے اور بیوائوں کی امداد کے پیسے ہڑپ کر جانے والے عورتوں کو کیا حقوق دیں گے۔گزشتہ شب مدرسہ انوار توحید مصطفائیہ میں خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی سندھ کے رہنما کا کہنا تھا کہ پانچ مرتبہ پی پی کی حکومت آئی بلاول بتائیں پی پی نے خواتین کے حقوق کیلیے کیا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی پی کے پاس اور کچھ نہیں تو اب عورت کارڈ استعمال کر کے اپنی گرتی ہوئی سیاسی ساکھ بچانا چاہتے ہیں جوکہ ناکام ہوںگے۔ انہوں نے کہا کہ عورتوں کے حقوق کی ہم حمایت کرتے ہیں مگر عالمی قوتوں کی ایما پر اسلامی تہذیب و ثقافت کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ہم ملک و اسلام دشمن قوتوں اور سازشوں کو ناکام بنانے اور پاکستان اور اسلامی تشخص کے تحفظ کیلیے کفن سر سے باند کر مقابلہ کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔کانفرنس سے جے یو آئی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا امجد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب ملک میں اسلامی انقلاب کا راستہ نہیں روکا جاسکتا عوام باشعور اور مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں متحد ہو چکے ہیں۔ مرکزی نائب امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عورتوں کے حقوق کے نام مارچ کرنے والے ڈاکٹر عافیہ ۔کشمیر و فلسطین ،انڈیا، برما، افغانستان اور عراق میں مسلمان عورتوں پر ہونے والے مظالم پر کیوں خاموش ہیں۔ اس موقع پر صوبائی نائب امیر مولانا سید سراج احمد شاہ امروٹی ، مولانا محمد عیسیٰ سموں، مولانا عبداللہ مہر، حافظ غلام مصطفی سومرو، مولانا خالد مصطفی اور مولانا عبدالحق مہر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں 6 حفاظ کرام کی دستار بندی بھی کرائی گئی۔