پانی چوروں کے گرد گھیرا تنگ کردیاگیاہے،مقدمات کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے، اسداللہ خان

578

کراچی(اسٹاف رپورٹر)واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اسداللہ خان نے کہا ہے کہ واٹربورڈ ملازمین کو قواعدوقوانین کے مطابق حاصل تمام سہولیات میسر ہیں،واٹربورڈسندھ حکومت کے تعاون خصوصاًوزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈسید ناصر حسین شاہ کی ذاتی توجہ کے باعث اپنے محدود وسائل سے اپنے اخراجات پورے کررہاہے،

پانی چوروں کے گرد گھیرا تنگ کردیاگیاہے،مقدمات کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے،شہریوں کی فراہمی ونکاسی آب سے متعلق شکایات فوری دورکرنے کیلئے واٹربورڈ کا عملہ 24گھنٹے خصوصاًہفتہ وار تعطیلات کے دوران بھی کام کرتاہے،

یہ بات انہوں نے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی عطاء اللہ،مراد سعید،عبدالرشید،شاہنواز جدون،واٹربورڈکی سی بی اے متحدہ ورکرز فرنٹ کے چیئرمین محمدنعیم،صدر محمد شفیع،پیپلز ورکرز یونین واٹربورڈ کے چیئرمین محسن رضا،یعقوب حسین،یونائٹیڈ ورکرز یونین کے صدر پنہل مگسی اور ملاقات کیلئے آنے والے دیگر افرادسے گفتگوکرتے ہوئے کہی،

انہوں نے بتایاکہ واٹربورڈ اپنے محدود وسائل سے اپنے اخراجات پورے کرتا ہے،واٹربورڈہرماہ پہلی تاریخ کو اپنے ملازمین کوتنخواہ اداکرنے والا ادارہ ہے،انہوں نے کہا کہ واٹربورڈ ملازمین بھی شہریوں کی خدمت کیلئے اپنی تما م ترصلاحتیں بروئے کار لاتے ہیں،واٹربورڈ نے پانی چوروں کیخلاف بھرپورمہم شروع کی ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں،

متعدد پانی چوروں کیخلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرائے جاتے ہیں،شہریوں کو درپیش فراہمی ونکاسی آب سے متعلق شکایات کے خاتمہ کیلئے آنے والے منتخب نمائندوں کے ساتھ بھی روزانہ کی بنیاد پر اجلاس منعقد ہوتے ہیں،میں خود اس سلسلے میں آنے والے تمام شہریوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل حل کرتا ہوں،

سندھ حکومت خصوصا ًوزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈ سیدناصر حسین شاہ کے تعاون سے منتخب نمائندوں کی جانب سے اجاگر کیئے جانے والے مسائل کے حل کیلئے شہر کے تمام علاقوں میں واٹربورڈکے مختلف نوعیت کے کام جاری ہیں،واٹربورڈ کی سی بی اے متحدہ ورکرزفرنٹ کے رہنماؤں کے استفسارپرایم ڈی واٹربورڈ نے بتایا کہ واٹربورڈ کرونا سمیت دیگر بیماریوں سے بچاؤ کے لئے اپنے ملازمین خصوصاًفیلڈ اسٹاف اور ہیلتھ ورکرز میں جلد ماسک تقسیم کرے گا،

کرونا وائرس کی تشخیص کیلئے بھی ضروری آلات کا بندوبست کیا جارہاہے،علاوہ ازیں ایم ڈی واٹربورڈ نے منتخب نمائندوں سے کہاکہ وہ پانی چوروں کیخلاف کارروائی میں واٹربورڈ سے تعاون کریں،پانی چوروں اور اس ضمن میں قائم نیٹ ورک کی نشاندہی کی جائے،

واٹربورڈ کی جانب سے شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرنے والوں کیخلاف فوری مقدمات کا اندراج کرایا جارہا ہے،انہوں نے کہاکہ واٹربورڈ کے بل اور واجبات کی ادائیگی کیلئے بھی منتخب نمائندے واٹربورڈ سے تعاون کریں اور شہریوں میں بلوں وواجبات کی ادائیگی کیلئے شعوربیدار کیا جائے۔