گیس خارج ہونے پر اینگرو کی فیکٹری بند

1007

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقہ بن قاسم صنعتی ایریا میں اینگرو پولیمر کمپنی لمٹیڈ کے پیداواری پلانٹ سے گیس کے اخراج پر ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ (سیپا) کمپنی کے تمام آپریشنز بند کرادیے ہیں،

جمعہ کی صبح پیش آنے والے واقعہ کے بعد امدادی ٹیموں نے فیکٹری کے ملازمین کو تشویش ناک حالت میں باہر نکالا۔ ریسکیو اہل کاروں کے مطابق 19 متاثرہ افراد کو قریبی واقع اسٹیل مل اسپتال اور 70 افراد کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے،

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلی سندھ کی ہدایت پر ڈی جی نعیم مغل کی سربراہی میں سیپا کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور گیس خارج کرنے والا پلانٹ بند کردیا گیا تھا۔ بعد میں اندازہ ہوا کہ تمام پلانٹس ایک دوسرے سے منسلک ہیں جس پر ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ نے کمپنی کے پورے آپریشنز بند کرادیے ہیں.

وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے قانون، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے براہ راست پورے آپریشن کی نگرانی کی۔ کمپنی پر یہ بھی واضح کردیا گیا کہ ماحولیاتی قوانین پر مکمل عمل کرنے کی یقین دہانی کرانے تک آپریشنز بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ کمپنی انتظامیہ کو پوچھ گچھ کیلئے نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے،

اس کے ساتھ ساتھ سیپا کی ایک اور ٹیم نے JPMC اور آغا خان اسپتال کا بھی دورہ کیا اور طبی امداد لینے والے متاثرہ مریضوں کی حالت کی معلومات اکٹھی کیں ہیں،

جناح اسپتال سے 70 متاثرہ لوگوں کو ضروری طبی امداد دیکر ڈسچارج کردیا گیا ہے اس سے قبل جناح اسپتال کی ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا تھا کہ کچھ افراد کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا مگر ان کی حالت خطرے سے باہر ہے،

گزشتہ ماہ کیماڑی کے علاقے میں پراسرار گیس کے اخراج سے 14 افراد جاں بحق اور 500 سے زائد متاثر ہوئے مگر آج تک تمام حکومتی ادارے معمہ حل کرنے میں ناکام رہے ہیں،

ترجمان اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکل پلانٹ کے مطابق پلانٹ کے ایک حصہ میں کلورین گیس خارج ہوئی تھی، وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئیں۔