احساس پروگرام ریاست مدینہ کے قیام کی جانب اہم قدم ہے۔ گورنر سندھ

973

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا احساس پروگرام ریاست مدینہ کے قیام کی جا نب ایک اہم قدم ہے جس کا عزم وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کر رکھا ہے،

عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور معاشرے کے ہر طبقہ کو سہولیات کی فراہمی وزیراعظم کے وژن کا حصہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ بورڈ کے رکن اور چیئرمین کے مشیر افضل چامڑیا سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا،

ملاقات میں وفاق کے احساس پروگرام کے تحت سیلانی لنگر خانوں، صوبہ میں آر او پلانٹس کی تنصیب کے اقدامات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ لنگر خانوں کے ذریعہ ضرورت مند افراد کو کھانا فراہم کرنے میں سیلانی ٹرسٹ کا تعاون قابل تحسین ہے کیونکہ ٹرسٹ کے تعاون سے لنگر خانوں کا دائرہ بتدریج پھیلایا جا رہا ہے،

انہوں نے کہا کہ جلد صوبہ سندھ میں بھی لنگر خانوں کا آغاز کیا جائے گا تاکہ ضرورت مند افراد اور خاندان اس سے استفادہ کرسکیں۔ انہوں نے مختلف منصوبوں میں سیلانی ٹرسٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیلانی ٹرسٹ کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں کیونکہ یہ عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات کرنے والا ادارہ ہے،

اس لئے اس کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔افضل چامڑیا نے گورنر سندھ کو بتایا کہ سیلانی ٹرسٹ صوبہ میں 112 آر او پلانٹس لگانا چاہتا ہے اس کے علاوہ جلد کراچی میں 5 مقامات پر لنگر خانوں کا آغاز کیا جائے گا تاکہ ضرورت مند عوام کو سہولیات فراہم ہوسکیں۔