ملکی و غیر ملکی میڈیا کا بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی کریش سائٹ کا دورہ

248

راولپنڈی (صباح نیوز) ملکی و غیرملکی میڈیا کے نمائندوں نے گزشتہ سال پاکستان کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی کریش سائٹ پر بنائی گئی یادگار کا دورہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے صحافیوں کو لائن آف کنٹرول کے گاؤں ہوراں کا دورہ کرایا گیا۔خیال رہے کہ 27 فروری 2019 ء کو پاک فضائیہ نے ہوراں گاؤں میں بھارتی مگ 21 طیارہ گرایا تھا اور لوگوں نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو پکڑ لیا تھا تاہم پاک فوج کے جوانوں نے فوری پہنچ کر ابھی نندن کو مقامی لوگوں کے غیظ وغضب سے بچایا تھا۔ہوراں گاؤں میں ابھی نندن کی کریش سائٹ پر یاد گارِ پاکستان تعمیر کی گئی جو پاکستان کی طرف سے بھارت کو منہ توڑ جواب کی یاد دلاتی ہے۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے ملکی اور غیر ملکی میڈیا کو ہوراں گاؤں اور معرکہ حق کی اس یاد گار کا دورہ کروایا گیا۔عسکری حکام کا کہنا تھا کہ بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے متاثر حوراں کے رہائشیوں کے غضب سے ابھی نندن کا بچ جانا اس کی خوش قسمتی تھی۔ آپریشنل کمانڈر کا کہنا تھا کہ ابھی نندن کو نہ صرف غضب ناک ہجوم سے بچایا گیا بلکہ اسے ملٹری روایات کے مطابق فرسٹ ایڈ اور میڈیکل کیئر دی گئی۔ابھی نندن سے جڑی یادگار جہاں مادر وطن کے دفاع کرتے اور بھارت کی خفت اور رسوائی کی آئینہ دار ہے وہاں بہادر سویلین کے جذبات کی بھی عکاس ہے ،دورے کے دوران صحافیوں کوپاک فوج کے جوانوں اور مقامی افراد نے27 فروری کی صورتحال سے آگاہ کیا۔