تئیس مارچ کا یوتھ کنونشن مایوس نوجوانوں کونیاعزم دے گا، عتیق الرحمن

326

پشاور(وقائع نگارخصوصی) جماعت اسلامی پشاور کے امیر عتیق الرحمن نے گزشتہ روز جماعت اسلامی پشاور کے ضلعی ذمے داران کے اجلاس میں پاکستان یوتھ کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ کنونشن کو تاریخی بنانے کے لیے کئی ایک کمیٹیاں تشکیل دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ 23مارچ کو ہونے والا پاکستان یوتھ کنونشن پشاور کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی پروگرام ہوگا۔ پشاور سے ہزاروں نوجوان اس پروگرام کی شاندار کامیابی کے لیے سرگرم ہیں ہرویلج /نیبرھوڈ کونسل میں کنونشن کی کامیابی کے لیے کارنرمیٹنگز اور جلسے کیے جائیں گے ۔ ہر صوبائی اسمبلی سے سابق اُمیدواران کی قیادت میں ہزاروں نوجوانوں کو بڑے پنڈال میں جلوسوں کی شکل میں لایا جائے گا۔ جے آئی یوتھ پشاور کے تمام عہدیداران کنونشن کی کامیابی کے لیے دن رات کام کریں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اس وقت عوام مہنگائی کے ہاتھوں چاروں شانے چُت پڑی ہے ۔ تحریک انصاف حکومت آئی ایم ایف کے سامنے یس سر بن چکی ہے ۔ جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ 550روپے مہنگا کرنے کے بعد آٹے کی بوری 100روپے سستی کرکے حکمران عوام کے ساتھ ڈرامے بازی کررہے ہیں۔ 18ماہ کی حکومت نے 40لاکھ نوجوانوں کو بیروزگار کردیا ہے ۔ نوجوانوں کو مایوسی میں دھکیل کر حکومت نے جرائم کی شرح میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ جے آئی یوتھ نوجوانوں کو اُمید اور عزم دے گی۔ تاکہ وطن عزیز کا قیمتی سرمایہ نوجوان پاکستان کے لیے مثبت تاریخی کردار ادا کرسکے۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پشاور قاری احمدسعید ، نائب امرا وسابق ممبر صوبائی اسمبلی بیرسٹرجاوید خان مومند ، حمداللہ جان بڈھنی ، حاجی محمداسلم ،صدر الخدمت تاجران ضلع پشاور خالدگل مہمند ، صدر جے آئی یوتھ نورغلام ، ڈپٹی جنرل سیکرٹریز افتخار احمد ، ڈاکٹر جمال الدین اور اکرام شاہ آفریدی ودیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔