حکمرانوں کے ہوش ٹھکانے نہ آئے تو کل ریڈ زون آئیں گے، پروفیسر ابراہیم

1003
the rulers

پشاور: امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے ہوش ٹھکانے نہ آئے تو سراج الحق کے حکم پرکل اسلام آباد کے ریڈ زون آئیں گے۔

پروفیسر محمد ابراھیم خان کا کہنا تھا کہ گورنر کسی ایک جماعت کا نہیں، پورے صوبے کا ہوتا ہے، گورنر کو یہ بات سمجھ میں نہیں آتی کہ وہ پورے صوبے کا گورنر ہے، اس صوبے کی مشکلات وفاق تک پہنچانا گورنر کی ذمہ داری ہے، گورنر وفاق کو بتادیں کہ ملک میں کسی ریڈ زون کو نہیں مانتے، آج ہم پشاور کے ریڈ زون میں دھرنا دے رہے ہیں، حکمرانوں کے ہوش ٹھکانے نہ آئے تو سراج الحق کے حکم پرکل اسلام آباد کے ریڈ زون آئیں گے۔

ان کاکہنا تھا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا کوئی مطالبہ ہمیں منظور نہیں ہے، ہم آئی ایم ایف کی غلامی نہیں چاہتے، نگران وزیراعظم مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات کریں، سیکورٹی ادارے خیبر پختونخوا کے عوام کے شناختی کارڈ چیک کرنے کا کام بخوبی انجام دے رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں ہر جگہ سڑکوں پر ناکے بنائے گئے ہیں اور ہر جگہ عوام کی تلاشی لی جارہی ہے، اٹک کا پل کراس کرجائیں تو پھر کوئی ناکہ نہیں ہوتا،معلوم نہیں صوبے کے عوام کو کیوں تنگ کیا جاتا ہے۔