پاکستان سپر لیگ سیزن 5 کی ٹرافی کی تقریب رونمائی

1471

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے سیزن 5کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز کل سے ہوگا تاہم آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹرافی کی تقریب رونمائی کی گئی،تقریب رونمائی میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی ، چیف ایگزیکٹو وسیم خان ،فرنچائزز مالکان اور کپتانوں نے شرکت کی۔

لاہور قلندرز کے مالک فواد رانا اور ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود مصروفیات کی وجہ سے تقریب میں شریک نہ ہوسکے۔

پی ایس ایل 5 کی ٹرافی کو دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان کے ہمراہ گراؤنڈ میں لے کر آئے، جس کے بعد جہانگیر خان اور چیئرمین پی سی بی نے چمچماتی ٹرافی کی رونمائی کی۔ پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی برطانیہ کی کمپنی اوٹ ول سلور اسمٹس نے تیار کی ہے جس کے اوپر ایک چاند اور تکون ستارہ پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے،ٹرافی کی لمبائی 65 سینٹی میٹر ہے اور اس کا کل وزن 8 کلو ہے جس میں مخصوص رنگ بھی نمایاں ہیں۔

رواں سال متعارف کرائی جانے والی ٹرافی اب پاکستان سپر لیگ کے مستقبل کے تمام مقابلوں میں استعمال کی جائے گی اور ہر سال ایونٹ جیتنے والی ٹیم کا نام اس ٹرافی پر درج کیا جائے گا۔