،خوف خدا اختیار کریں‘

245

طاہر حسن
PIA ریٹائرڈ ایمپلائز کے سیکرٹری جنرل سید طاہر حسن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مجموعی اعتبار سے گزشتہ سال محنت کشوں، مزدوروں، کسانوں اور حق حلال سے روزی کمانے والوں کے لیے بہت سخت، مشکل اور آزمائش کا سال کہلائے گا۔ ایسا لگا کہ ملک عزیز پر کوئی جادو یا عفریت کا سایہ پڑگیا یا کوئی عمل کر گیا۔ صنعتی اداروں کی پیداوار کم ہوگئی، بے روزگاری بڑھ گئی، روزانہ اجرت پر کام کرنے والے تو بالکل ہی پس کر رہ گئے۔ مہنگائی دوگنی سے بھی زیادہ ہوگئی۔ اجرتوں میں اضافہ ناپیدہے، چھانٹی کا سلسلہ جاری رہا، بھکاریوں کی تعداد بڑھتی گئی، چوراہوں پر مسجدوں کے باہر، اسپتالوں، بازاروں، ہوٹلوں اور سفر کی جگہوں پر مانگنے والوں کی تعداد بڑھتی گئی۔ اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ دیکھا گیا اور اس کی بڑی وجہ بے روزگاری اور مزدوروں کے حالات کار اور مناسب معاوضہ نہ ملنا ہے۔ مزدور طبقہ پست سے پست ہوتا گیا اور امتیازی سلوک کا سامنا کرتا رہا۔ ہمدردی اور حقوق کی ادائیگی کے فقدان کا شکار رہا۔ معیشت کساد بازاری کے بھنور میں رہی۔ ’’لے آف‘‘ کی تلوار سر پر لٹکی رہی۔ آخر یہ صورتحال کیوں ہے اور اس کا علاج کیا ہے؟۔ مسئلہ یہ ہے کہ بددیانتی اور سہل پسندی ہے، دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت کی جوابدہی کا نہ احساس ہے اور نہ خوف۔ مگر علاج موجود ہے اور وہ ہے خوفِ خدا اور دیانت داری۔ سب اس پر عمل کریں گے تو نتائج ہم سب کے لیے آجر کے لیے اور ملک و قوم کے لیے بہتر آتے چلے جائیں گے۔