محکمہ آبپاشی کے ملازم عرفان علی کو پولیس اہلکاروں نے غائب کیا، معشوق علی

168

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) قاسم آباد کے گوٹھ کرن خان شورو کے رہائشیوں نے دو ماہ قبل جامشورو پل کے قریب سے مبینہ گرفتار کرکے لاپتا کیے گئے محکمہ آبپاشی کے ملازم عرفان علی ناریجو کی بازیابی کے لیے حیدرآباد پر یس کلب کے سامنے چوتھے روز بھی احتجاج جاری رکھا۔ اس موقع پر لاپتا کیے گئے ملازم کے بھائی معشوق علی ناریجو سمیت دیگر نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ 4 نومبر 2019ء کے روز محکمہ آبپاشی کے ملازم عرفان علی کو سی آئی اے کی گاڑی میں سوار نامعلوم اہلکار گرفتار کرکے موٹر سائیکل سمیت اپنے ساتھ لے گئے، جسے سی آئی اے سینٹر سمیت شہر کے تمام تھانوں پر تلاش کیا لیکن اُس کا کہیں معلوم نہیں ہوسکا۔ انہوں نے بتایا کہ عرفان علی محکمہ آبپاشی کا ملازم ہے اور کسی بھی جرائم کی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہے اور نہ ہی اُس کیخلاف کسی بھی تھانے پر کوئی کیس درج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ پولیس عرفان علی کو کسی جھوٹے کیس میں ظاہر کرکے جعلی مقابلے میں نقصان نہ پہنچا دے۔ انہوں نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی حیدرآباد سمیت پولیس کے حکام بالا سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر عرفان علی کو ظاہر کرکے آزاد کیا جائے۔