مہنگائی سے تنگ عوا کیلیے سستے بازار لگائے جارہے ہیں،عباس بلوچ

229

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام پر بہت زیادہ بوجھ پڑا ہے اور اشیا خورونوش کی قیمت عوام کی پہنچ سے دور ہوگئی ہے اس لیے عوام کو اشیا خورونوش سستے داموں مہیا کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حیدر آباد کے ایکسپو سینٹر میں سستے بازار لگائے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر شہباز بلڈنگ میں سستے بازار لگانے کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سستے بازار لگانے سے ایک جانب عوام کو اشیا خورونوش سستے داموں ملیں گی۔ دوسری جانب کاشتکاروں کو بھی سبزیوں اور پھلوں کے مناسب دام ملیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی مراحل میں یہ بازار ہفتے کے ایک دن اتوار کو لگایا جائے گا، جہاں مختلف اشیا خورونوش کے اسٹالز لگائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حیدر آباد ڈویژن کے چار اضلاع مٹیاری، ٹنڈوالہٰیار، ٹنڈو محمد خان اور بدین کے کاشتکاروں کو اسٹالز لگانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ ڈویژنل کمشنر نے اجلاس میں بتایا کہ اس حوالے سے صوبائی وزیر برائے محکمہ زراعت نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ جلد سے جلد سستے بازار لگا کر عوام کو فائدہ پہنچایا جائے۔ اس موقع پر ضلع ٹنڈوالہٰیار، ٹنڈو محمد خان کے ڈپٹی کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ معتصم عباسی، ایڈ منسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی شوکت مستوئی، محکمہ زارعت کے افسران اور کاشتکار تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ بعد ازاں ڈویژنل کمشنر نے سبزی منڈی کی منتقلی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی شوکت مستوئی کی جانب سے نئی سبزی منڈی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نئی سبزی منڈی مکمل طور پر تیار ہے اور منتقلی کا مرحلہ جلد طے کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر حیدر آباد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون لیاقت علی کلہوڑو کو ہدایت دی کہ وہ سبزی منڈی کا دورہ کریں، سہولیات کے حوالے سے جائزہ لیں اور رپورٹ جمع کرائیں تاکہ سبزی منڈی کی جلد منتقلی کو یقینی بنایا جائے۔