میری ملکیت پر قبضے کے لیے دھمکیاں دی جارہی ہیں، خیرالنسا مغل

258

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کی سابق ایم پی اے اور موجودہ پیپلز پارٹی میرپورخاص ڈویژنل می سیکرٹری اطلاعات خیر النسا مغل نے کہا ہے کہ میری ملکیت پر قبضے کے لیے مجھے مختلف طریقوں سے دھمکیاں دی جارہی ہیں، مجھے اور میرے گھر والوں کو میرے چچا شاہنواز مغل اور ان کے سالے ڈی ایس پی محبوب لونڈ بلوچ سے جان کا خطرہ ہے۔ سازش کے تحت نجی ٹی وی چینل، اخبار اور سوشل میڈیا پر میری کردار کشی کی جارہی ہے۔ یہ بات انہوں نے میرپور خاص پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ منظم سازش کے تحت میری کردار کشی کی جارہی ہے اور ایک نجی ٹی وی چینل اور ایک اخبار میں میرے حوالے سے جھوٹی اور بے بنیاد خبر شائع کی گئی کہ میرے گھر جو کہ ہم نے اسلم قریشی کو کرایہ پر دیا ہوا ہے اس میں جوئے کا اڈا چل رہا ہے جبکہ ایف آئی آر میں میرا یا میرے خاندان کے کسی فرد کا بھی اس میں ذکر نہیں ہے اور اس خبر کو مجھ سے منسوب کیا گیا جس سے میری دل آزاری اور میری سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے، پریس کانفرنس کے دوران خیر النسا مغل آبدیدہ ہوگئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرا چچا شاہنواز مغل جو کہ پیپلز پارٹی میرپورخاص کا ایک رہنما ہے اور ان کا سالہ ڈی ایس پی محبوب لونڈ بلوچ سے ہماری ملکیت کا تنازعہ چل رہا ہے، تمام ملکیت میرے نام پر ہے اور یہ میری ملکیت پر قبضہ کرنے کے لیے میری کردار کشی کر نے کے ساتھ ساتھ مجھے اور میرے بھائی اورنگ زیب مغل سمیت پوری فیملی کو دھمکیاں بھی دے رہے ہیں۔ مجھے اور میری فیملی کو کوئی بھی جانی اور مالی نقصان پہنچا تو اس کے ذمے دار میرا چچا شاہنواز مغل اور اس کا سالہ ڈی ایس پی محبوب لونڈ بلوچ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے چچا اور اس کے سالے کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں اور سازش کے تحت ٹی وی چینل، اخبار اور سوشل میڈیا پر میری کردار کشی اور جھوٹی خبریں شائع کرنے کیخلاف قانونی کارروائی کے لیے اپنے وکلا سے مشاورت کررہی ہوں اور جلد قانونی کارروائی کا آغاز کروں گی ۔