آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں شکست دیدی

358

آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو 247 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

میلبورن کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے گئے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بالنگ کا فیصلہ کیا تھا جو کچھ اچھا ثابت نہ ہوا۔آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں ٹریوس ہیڈ کی سنچری اور اسٹیو اسمتھ، مارنس لبوشین اور کپتان ٹم پین کی نصف سنچریوں کی بدولت 467رنز بنائے۔

اس کے جواب نیوزی لینڈ کی ٹیم صرف 148رنز پر ڈھیر ہو گئی جہاں 50رنز بنانے والے ٹام لیتھم کے سوا کوئی بھی بلے باز آسٹریلین بالرز کا سامنا نہ کرسکا۔

عالمی نمبر ایک بالر پیٹ کمنز نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جیمز پیٹنسن نے تین اور مچل اسٹارک نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا نے فالو آن کرانے کے بجائے تھکے ہوئے بالرز کو آرام کرانے کے لیے خود بیٹنگ کی اور 168رنز پانچ کھلاڑی آﺅٹ پر دوسری اننگز ڈکلیئر کردی۔

میزبان ٹیم نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں فتح کے لیے 488رنز کا ریکارڈ ہدف دیا لیکن ٹام بلنڈل کی 121رنز کی جرات مندانہ اننگز کے باوجود نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 240رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لائن 4وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بالر رہے جبکہ جیمز پیٹنسن نے بھی تین وکٹیں لیں۔

آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ میچ 247 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنےنام کرلی، سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 3 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔