سجاول،سات بچوں کی ماں پراسرار گولی لگنے سے جاں بحق

290

سجاول(نمائندہ جسارت ) سجاول ضلع کے شہر جاتی میں سات بچوں کی ماں پولس کانسٹیبل کی بیوی پر اسرار طور پر گولی چلنے کے باعث قتل۔ شوہر کی جانب سے جاتی تھانے پر خودکشی کی اطلاع۔ خاتون کے ورثاکی جانب سے ایس ایس پی سجاول کے سامنے لاش کے ہمراہ دھرنا ، شوہر پر قتل کا الزام۔ خاتون کا شوہر پولیس کانسٹیبل احتجاج کے بعد جاتی پولیس کے ہاتھوں گرفتار،ڈی ایس پی سجاول کی جانب سے انصاف کی یقین دہانی کے بعد دھرنا ختم ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات ضلع سجاول کے شہر جاتی کے قریب گائوں ہنگورجہ میں ایک عورت پانچ بچوں کی ماں فرزانہ زوجہ پولیس کانسٹیبل نوراحمد ہنگورجہ گولی چلنے سے پراسرار طور جاںبحق ہوگئی۔ شوہر نے جاتی تھانے پر اپنی بیوی کی جانب سے خودکشی کی رپورٹ داخل کرادی۔ خاتون جو کہ سجاول شہر کے بوبک برادری سے تعلق رکھتی تھی۔انہوں نے جاتی تھانے پر خاتون کے قتل کی ایف آئی آر اس کے شوہر پولیس کانسٹیبل نور احمد ہنگورجہ خلاف داخل کروانے کو کہا مگر ایس ایچ او جاتی نے رپورٹ لینے سے انکار کیا۔ بعد ازاں خاتونکے ورثا لاش کو جاتی سے سجاول لے آئے اور خاتون کو دفن کرنے کے بجائے منگل کی صبح سجاول میں ایس ایس پی آفس س کے آگے کراچی بدین شاہراہ کو بند کرکے دھرنا دے دیا۔ جس کی اطلاع ملتے ہی سجاول میں مقررہ خاتون ایس پی میڈم سہائی عزیز ٹالپر کے حکم پر ڈی ایس پی سجاول گل عباس مغل اور ایس ایچ او سجاول آفتاب جاگیرانی پولیس پارٹی کے ہمراہ دھرنے کی جگہ پہنچ گئے اور مقتولہ عورت کے ورثا سے مذاکرات کیے۔ مقتولہ عورت کے ورثا نے فوری طور پر ملزم شوہر پولیس کانسٹیبل نوراحمد ہنگورجہ کو گرفتار کرکے اس کے اوپر مقتولہ کے قتل کی ایف آئی داخل کرنے کے مطالبے کے بعد دھرنا ختم کرنے کا کہا۔ اس موقع پر سینئر افسر ڈی ایس پی سجاول نے جاتی تھانے کے ایس ایچ او کو فوری طور ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے عورت کے شوہر کے خلاف ایف آئی داخل کرنے کے لیے خود جاتی تھانے پر جاکر انصاف ملنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے بند روڈ کھولنے اور دھرنا ختم کرنے پر مقتولہ کے ورثا کو آمادہ کیا۔ دوسری جانب کراچی بدین کی مین شاہراہ بند ہونے کے باعث دو گھنٹے تک شاہ یقیق، جاتی ، بدین ، چوہڑ جمالی ، دیان سٹی اور بڈہو تالپور آنے جانے والی مسافر گاڑیوں سمیت سیکڑوں گاڑیاں دونوں اطراف سے جمع ہوگئیں اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔