ملکی زرمبادلہ ذخائر 17 ارب 29 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے

117

کرا چی (اسٹاف رپورٹر)ایشیائی ترقیاتی بینک سے پاکستان کو رقم موصول ہوگئی، زرمبادلہ کے ذخائر 9 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 1 ارب 30 کروڑ ڈالر کی رقم ا سٹیٹ بینک کو موصول ہوگئی، یہ رقم بجٹ سپورٹ اور گردشی قرضوں کے حجم کو کم کرنے کی دی گئی ہے رقم ملنے سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 9 ماہ کی بلند ترین سطح 17 ارب 29 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے۔مرکزی بینک کے ذخائر 10 ارب 41 کروڑ ڈالر ،کمرشل بینکوں کے ذخائر 6 ارب 88 کروڑ ڈالر ہیں، رواں مالی سال میں اب تک ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 3 ارب 10 کروڑ ڈالر تک کا اضافہ ہوچکا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ تو ضرور ہوا ہے مگر اب بھی یہ عالمی مالیاتی ادارے کے معیار کے مطابق نہیں جس کے تحت کسی بھی ملک کے ذخائر کم از کم 3 ماہ کی درآمدات کے برابر ہونے چاہئیں۔آئی ایم ایف اصلاحاتی پروگرام پر عمل درآمد کے بعد رقم کی منظوری دی گئی تھی، اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے امداد جاری رکھی جائے گی، رقم سے پاکستان کو مالی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔قرض کا مقصد زر مبادلہ کی شرح کو بہتر بنانا تھا، 300 ملین ڈالر توانائی کے شعبے کی اصلاحات اور مالی استحکام کے لیے مختص کیے گئے، مذکورہ رقم سے شروع کیے جانے والے منصوبوں سے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں بہتری آئے گی۔اس سے قبل بھی ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کے لیے 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے چکا ہے۔ یہ رقم سندھ اور پنجاب میں ثانوی تعلیم کی سہولتوں کے لیے استعمال ہوگی۔