آئی کیپ میں نیشنل فنانس اولمپیاڈ 2019 کی تیاریاں

93

کراچی(اسٹاف رپورٹر) انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکائونٹنٹس آف پاکستان(آئی کیپ) نے مسلسل پانچویں سال نیشنل فنانس اولمپیاڈ (NFO ) 2019 منعقد کروانے کے لئے یونی لیور پاکستان کے ساتھ مشترکہ تیاریاں کر لی ہیں۔ فنانس کے شعبے میں مہارت کے یہ مقابلے اور معلوماتی نشستیںپاکستان میں اپنی نوعیت کا سب سے نمایاں اور وسیع اجلاس ہے جس میں شرکت کے لئے پاکستان کے طول و عرض سے مختلف صنعتی شعبوں کے علاوہ ، کاروباری اور تعلیمی اداروں سے وابستہ باصلاحیت اور پیشہ ور مالیاتی ماہرین کی ٹیمیںنہایت پر جوش ہیںجبکہ متحدہ عرب امارات سے بھی متعدد شرکاء ان مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ان مقابلوں کو تین مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے جو دو ہفتہ تک جاری رہیں گے۔ اس کا آغاز کوالیفائنگ رائونڈ سے ہو گا جس میں شریک ٹیمیں مشکل سوالات پر مبنی ایک آن لائن امتحان کو 2 گھنٹے میں حل کر یں گی تاکہ ان کے ذہن میں تکنیکی معلومات اور مالیاتی تصورات کی درستگی کا تجزیہ کیا جا ئے۔،اس کے بعد اس امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کو اسیسمنٹ اور سمیولیشن رائونڈ میں پرکھا جائے گا جو مختلف کاروباری صورتحال اور فیصلوں پر مبنی کیس اسٹڈیز حل کرنے پر مشتمل ہوگا، اس دوسرے مرحلہ میں دیگر اہم مقابلے اور سرگرمیاں بھی شامل ہوں گی جن میں پہلی 6 پوزیشنیں حاصل کرنے والی ٹیموں کو گرینڈ فائنل مرحلہ کے لئے منتخب کیا جائے گا۔ اس آخری مرحلہ میں شامل 6 بہتر ین ٹیموں کو معلوماتی مباحثوں کے علاوہ سوال و جواب کے ایک بزر رائونڈ میں حصہ لینا ہو گا تاکہ سینئر ترین ماہرین کا ایک جیوری پینل شرکاء کی علمی استعداد اور حاضر دماغی کو آزما سکے۔ ان تمام مراحل میں بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیم کو اس سال کے نیشنل فنانس چیمپیئنز ہونے کا اعزاز دیا جائے گا، جسے پاکستان سمیت بین الاقوامی سطح پر نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔اس سالہ ہونے والے NFO مقابلوں میں 52 ٹیمیں شریک ہونے کے لئے تیار ہیں، جنہیں 12 دسمبر 2019 کو کوالیفائینگ رائونڈ میں شرکت کرنی ہے۔ دوسرا مرحلہ- اسیسمینٹ اور سمیولیشن رائونڈ 17 دسمبر کو منعقد ہو گا جبکہ گرینڈ فائنل مرحلہ کا انعقاد19 دسمبر 2019کو کیا جائے گا۔