اسلام کا عادلانہ نظام ہی مسائل کا واحد حل ہے‘برجیس احمد

208

رپورٹ۔قاسم جمال
اسلام کا عادلانہ نظام ہی تمام مسائل کا واحد حل ہے۔ اہل علم ظالمانہ اور جابرانہ نظام سے نجات کے لیے رہنمائی فراہم کریں۔ این ایل ایف نے نظریاتی بنیادوں پر ملک کی حفاظت کا فریضہ سر انجام دیا ہے۔ سرمایہ دارانہ نظام نے محنت کشوں کو بھوک غربت افلاس کے سوا کچھ نہیں دیا ہے ۔یہ بات جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر برجیس احمد نے نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے تحت جمعیت الفلاح ہال میں این ایل ایف گولڈن جوبلی مشاعرے سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی۔ اس موقع پر تقریب کے صدر ملک کے ممتاز شاعر دانشور پروفیسر عنایت علی خان ،این ایل ایف کراچی کے صدر عبدالسلام ،جنرل سیکرٹری قاسم جمال ،سینئر نائب صدر امان بادشاہ ،جمعیت الفلاح کی ادبی کمیٹی کے سربراہ نظر فاطمی ،ممتاز شاعر رشید خان رشید ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔جبکہ اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل شاہد ایوب خان کے علاوہ ملک کے اہم شعراء کرام ،ادبی شخصیات کے علاوہ ٹریڈیونین رہنما وسماجی شخصیات موجود تھیں۔ شعراء کرام نے محنت کشوں کے مسائل اور حالات حاضرہ پر اپنا کلام پیش کیا۔ پروفیسر عنایت علی خان نے صدارتی خطاب میں کہا کہ محنت کشوں نے پاکستان کی تعمیروترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے لیکن آج محنت کش بھوک افلاس اور بے بسی کا شکار ہیں۔ ظالمانہ نظام نے محنت کشوں کے حقوق غضب کیے ہیں ۔جدوجہد کا راستہ ہی کامیابی اور کامرانی کا راستہ ہے ۔عبدالسلام نے کہا کہ این ایل ایف کے پچاس سال کامیابی جدوجہد کے 50سال ہیں۔ قاسم جمال نے کہا کہ ہم اپنی گولڈن جوبلی تجدیدعہد کے طور پر منا رہے ہیں۔