حکومت اور بزنس کمیونٹی کے درمیان پل کا کردار ادا کرینگے،رانا سکندر

131

فیصل آباد (اے پی پی ) فیصل آباد میں آل پاکستان تاجر کنونشن اور وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کا اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں ملک بھر کے تجارتی ، کاروباری ، صنعتی ، در آمدی و برآمدی شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد ، تمام اضلاع کے چیمبر ز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدور و سیکرٹریز ، ماہرین معاشیات ، تجزیہ کار ، سابق بینکار اور دیگر اہم شخصیات کو شرکت کی دعوت دی جائے گی تاکہ مل بیٹھ کر مذکورہ شعبہ جات کو درپیش مشکلات کے حل سمیت ان کی بہتری اور ملک کی اقتصادی ترقی کیلئے روڈ میپ تشکیل دینے میں مدد مل سکے۔ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدر را نا محمد سکندر اعظم خان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران سال 2019-20ء کے دور صدارت کیلئے 20نکاتی روڈ میپ بھی پیش کیا اور خاص طور پر وزیر اعظم عمران خان سے اپنی حالیہ ملاقات کے حوالے سے صحافیوں کو آگاہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری تاجروں اور صنعتکاروں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے اور ہماری کوشش ہو گی کہ قومی معیشت کی بحالی کیلئے حکومت اور بزنس کمیونٹی کے درمیان پل کا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سیکٹر کے مسائل کی نشاندہی اور اُن کے حل کیلئے اسی سیکٹر سے متعلقہ افراد پر مشتمل ٹیکنوکریٹس کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جبکہ اہم مسائل کیلئے سابق صدور پر مشتمل تھنک ٹینک بھی قائم کیا جائے گا ،جو صدر کو قومی معیشت کی بہتری کے حوالے سے مشورے دے گی۔ انہوں نے اپنے 20نکاتی ایجنڈے کی بھی تفصیلی وضاحت کی اور کہا کہ ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے بیمار صنعتوں کی بحالی پر بھی پوری توجہ دی جائے گی،انڈسٹری،اکیڈیمی رابطوں کے استحکام کیلئے مختلف یونیورسٹیوں اور چیمبر کے صدر پر مشتمل کمیٹی قیام کی بھی تجویز دی۔ انہوں نے بتایا کہ ایکسپو سنٹر کیلئے ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں 70 ایکڑ اراضی مختص کر دی گئی ہے جبکہ اس پر تعمیراتی کام جلدشروع کرنے کیلئے بھرپور کوشش ہو گی۔ انہوں نے برآمد کنندگان اور بڑی صنعتوں کے علاوہ چھوٹی صنعتوں کیلئے بھی مشینری کی اپ گریڈیشن کیلئے سستے قرضے مہیا کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مختلف اداروں کے بورڈ آف گورنرز میں فیصل آباد چیمبر کی نمائندگی کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔