پاکستانی تاجروں کے وفد کی پانی سے متعلق عالمی کانفرنس میں شرکت

92

امریکا(کامرس ڈیسک) امریکی کمرشل سروس کی سربراہی میں پاکستانی تاجروں کا 16 رکنی وفدنے شکاگو (امریکا) میں ہونے والی واٹر انوائرنمنٹ فیڈریشن ٹیکنیکل ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس2019میں شرکت کی۔اس کانفرنس میں دنیا بھر کے اعلی تعلیم اور تربیت یافتہ پانی و نکاسی آب کے ماہرین شریک ہوئے۔ پانی اور نکاسی آب پر ہونے والی یہ سالانہ کانفرنس دنیا کی سب سے بڑی نمائش سمجھی جاتی ہے جس میں پانی اور نکاسی آب سے متعلق جدید ٹیکنالوجی کا مشاہدہ کرنے کے علاوہ کانفرنس میں شریک شرکا کو کاروبار اور تعلقات بڑھانے کا ایک بہترین موقع بھی میسر آتا ہے۔نمائش میں شرکت کرنے والی پاکستانی کمپنیوں کویہ موقع ملے گا کہ وہ پانی اور نکاسی آب کے شعبے کی گہری واقفیت اور خاص طور پر امریکا سے بزنس کے مزید مواقع حاصل کرسکیں۔ پاکستان ان 31 سے زائد وفود میں شامل ہے جو امریکی کمرشل سروس کے تحت اس کانفرنس میں شریک ہوا۔امریکی کمرشل قونصلر نیتھن سیفرٹ نے نمائش کی اہمیت اور پاکستان کے پانی اور ماحولیاتی مسائل سے اس کے گہرے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی وفد کو اس کانفرنس میں لے جانے کی ہماری کوشش اس عزم کا مظہر ہے کہ ہم پاکستان کے پانی سے منسلک مسائل کے حل کے لیے بہترین امریکی ٹیکنالوجی پیش کر سکیں۔ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ سال 2017-18میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت 1.3 کھرب روپے کی ریکارڈ سطح پرپہنچ چکی ہے۔ گزشتہ سال یو ایس کمرشل سروس کے تحت پاکستانی وفود کو امریکا میں 10 سے زائد تجارتی نمائشوں میں شرکت کرائی گئی۔