تاجر اسلام آباد چیمبر پر قابض گروپ کو مسترد کر دیں

122

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایک با اثر گروپ نے اسلام آبادچیمبر پر کئی دہائیوں سے قبضہ کیا ہوا ہے جنھیں تاجر آمدہ الیکشن میں مسترد کر دیں گے۔ چیمبر پر قابض گروپ سے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گااور تاجروں کو انکا حق دلوایا جائے گا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ گروپ کے سینئیر وائس پریزیڈنٹ سرفراز مغل نے تاجروں کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اندھیر نگری چوپٹ راج ختم ہونے والے ہے اور ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد اسلام آباد چیمبر میں جمہوریت اور اسکی ساکھ کی بحالی ہے اور ہم ووٹ کے ذریعے اس ادارے کو قبضہ گروپ سے آزاد کرا کے وہ تمام کام کروائیں گے جو سالہا سال سے رکے ہوئے ہیں۔ سرفراز مغل نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر پر قابض گروپ نے ہمیشہ ذاتی فوائد بٹورے ہیں اور تاجروں کے مفادات پر ہمیشہ سودی بازی کر کی ہے۔چیمبر مخصوص گروپ کے مفادات کی لونڈی بنا ہوا ہے اور اسکے وسائل کو بے رحمی سے لوٹا جا رہا ہے جبکہ قانون کرایہ داری اورٹیکس سمیت تمام اہم معاملات میں تاجروں کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا جاتا ہے اور الیکشن کے وقت دو نمبری کر کے الیکشن جیت لیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر کو اسکا کھویا ہوا مقام دلوانے کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔