پی ٹی آئی آرٹیکل149(4)پر بھی یوٹرن لے گی،امتیاز شیخ

104

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت آرٹیکل (4)149 کے نفاذ کے شوشے پر بھی بالآخر یوٹرن لے گی اور اس آرٹیکل کے نفاذ کی آڑ میں سندھ کی منتخب حکومت کو بے اختیار کرنے کی سازش اپنی موت آپ مرجائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے حیرانی ہے کہ آرٹیکل کی غلط انداز سے تشریح کرکے انتشار کی صورتحال پیدا کی جارہی ہے۔ وزیر اعظم کو اس کے اثرات کے بارے میں سوچنا چاہیے اور وفاق کو صوبے کے معاملے میں مداخلت سے گریز کرنا چاہیے۔اس طرح کی مداخلت سے دراصل سازش کے تحت پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شوشے سے سندھ میں لسانی تفریق اور انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے۔ پیپلز پارٹی وفاق پاکستان کی تمام اکائیوں کی نمائندہ جماعت اور اتحاد و اتفاق کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی کارکردگی بہت بہتر ہے اور عاشورہ محرم کی مکمل امن و امان سے تکمیل اس کاایک واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی پارٹی ہے اور عوام کی طاقت کے ساتھ سازشوں سے نمٹنا جانتی ہے۔