داروخان کو دور صدارت تین سال کرانے میں ناکامی کا سامنا

358

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کے موجودہ صدرانجینئرداروخان اچکزئی کو اپنی دور صدارت سینیٹ کے ذریعہ تین سال کرانے کی کوششوں کو ابتدائی مرحلے میں ہی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جن اسٹیک ہولڈرز کو سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے کامرس نے بدھ کو تبادلہ خیال کے لیے اسلام آباد مدعوکیا تھا وہ سب انجینئرداروخان کی خواہش کی راہ میں رکاوٹ بن گئے جس کے بعدکوئٹہ سے منتخب داروخان کے دوست سینیٹر نے اپنی درخواست واپس لے لی۔ ذرائع کے مطابق فیڈریشن کے صدر کی حیثیت سے ایک سال کے لیے منتخب ہونے والے انجینئرداروخان اچکزئی کی صدارتی منصب پر تین سال بیٹھنے کے لیے اپنے ایک دوست سینیٹر کے رکن کے ذریعہ چیئرمین سینیٹ کو یہ درخواست دلوائی کہ فیڈریشن کے صدر کی مدت تین سال کی جائے اور انہیں تین سال صدر رہنے دیا جائے لیکن صدر فیڈریشن کی یہ خواہش اس وقت دم توڑ گئی جب سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے کامرس کے چیئرپرسن سینیٹر مرزا محمد آفریدی کی جانب سے اسلام آباد بلائے گئے ملک کے5بڑے چیمبرز آف کامرس کو مدعوکیا،اجلاس میں کراچی چیمبر سے ہارون فاروق اوراے کیوخلیل،پشاور چیمبر سے سینیٹر الیاس احمد بلور، کوئٹہ چیمبر سے انجینئر دارو خان سمیت لاہور اور اسلام آباد چیمبر کے نمائندوں اور فیڈریشن میں برسراقتدار یونائٹیڈ بزنس گروپ کے نمائندوں خالدتو اب اور مظہرعلی ناصر نے متفقہ طور پرایف پی سی سی آئی کا تین سال کے لیے صدر رہنے کی انجینئرداروخان اچکزئی کی کوششوں کی مخالفت کردی۔ذرائع کے مطابق سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے کامرس کے چیئرپرسن نے جب یہ صورتحال دیکھی کہ کوئی بھی اسٹیک ہولڈر انجینئرداروخان اچکزئی کے حق میں نہ تھا توانہوں نے کوئٹہ سے منتخب سینیٹر سے کہا کہ بہتر یہی ہے کہ وہ اپنی اس درخواست کو واپس لے لیں۔ سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے کامرس کے چیئرپرسن نے انجینئر دارو خان سے بھی پوچھا کہ کوئی بھی صدارتی مدت کو تین سال کرانے کے حق میں نہیں اس لیے اب وہ کیا چاہتے ہیں تو ان کا جواب تھا کہ جیسا سینیٹر الیاس احمدبلور کہیں گے وہ کرنے کو تیار ہیں۔اس طرح انجینئر دارو خان تین سال کے لیے صدر بننے کی اپنی خواہش کو عملی جامہ نہ پہناسکے اور انہیں منہ کی کھانا پڑی۔اس ضمن میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوبی جی کی کورکمیٹی نے جو فیصلہ کیا تھا وہی پورا ہوا ہے،ہم کوئی کام غیرقانونی اور ایف پی سی سی آئی کی مخالفت میں نہیں ہونے دیں گے بلکہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کے بہتر مفاد میں ہی قدم اٹھائیں گے۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر یو بی جی کے رہنما شکیل احمدڈھینگڑا نے اٹک سے اپوزیشن کے ایک رہنما کی یو بی جی کی مخالفت میں بیان بازی کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن فیڈریشن کے صدر کی مدت پر سیاست نہ کرے۔